کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے اور کپتانی سے محروم ہونے والے سرفراز احمد بدستور پی سی بی حکام کے فیصلے سے اپ سیٹ ہیں اور صدمے سے باہر نہیں آسکے ہیں۔ بدھ کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں قائد اعظم ٹرافی کے میچ میں ساتویں نمبر پر کھیلنے آئے اور سندھ کی جانب سے بغیر کوئی رن بنائے نوجوان فاسٹ بولر نسیم خان کی گیند پر کیچ ہوگئے۔ قبل ازیں سرفراز احمد نے وکٹوں کے پیچھے پانچ کیچ لئے تھے۔ طویل قامت فاسٹ بولر نے سینٹرل پنجاب کی جانب سے 16اوورز میں78رنز دے کر چھ وکٹ حاصل کئے۔ انہوں نے خرم منظور 10، عابد علی 3، عمیر بن یوسف33 ،سعد علی81 ،سہیل خان صفر اور فواد عالم کو 92رنز پر آئوٹ کیا۔