بھارتی طویل ترین مزاح سے بھرپور سٹکام تارک مہتا کا الٹا چشمہ میں جیٹھا لال کے برادرِ نسبتی سندر لال کا کردار ادا کرنے والے میور وکانی نے جو دیا بین کا اہم کردار ادا کرنے والی دیشا وکانی کے حقیقی زندگی میں بھی بھائی ہیں، انہوں نے اپنی ہمشیرہ کے ڈرامہ سیریل میں واپس نہ آنے کی وجہ بتائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تارک مہتا کا الٹا چشمہ کے شائقین دیا بین کی واپسی کا انتظار کر رہے ہیں، لیکن دیشا وکانی کے بھائی نے خاندانی ذمے داریوں کی وجہ سے ان کی عدم واپسی کی تصدیق کر دی ہے۔
میور وکانی نے تصدیق کی ہے کہ دیشا وکانی تارک مہتا کا الٹا چشمہ میں واپس نہیں آئیں گی۔
7 سال سے زیادہ عرصے سے تارک مہتا کا الٹا چشمہ کے شائقین محبوب کردار دیا بین کی واپسی کا بے تابی سے انتظار کر رہے ہیں، جو اصل میں دیشا وکانی نے ادا کیا تھا، ان کی واپسی کے بارے میں بار بار کی قیاس آرائیوں کے باوجود اب ایسا لگتا ہے کہ اداکارہ طویل عرصے سے چلنے والے اس سٹکام میں واپس نہیں آئیں گی۔
حالیہ انٹرویو میں میور وکانی نے دیشا وکانی کی واپسی کے حوالے سے موجود افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیشا اپنی خاندانی ذمے داریوں کی وجہ سے واپس نہیں آ رہیں، میں نے ان کی بطور اداکارہ کامیابی کے سفر کو قریب سے دیکھا ہے، میں ان سے 2 سال بڑا ہوں، انہوں نے ایمانداری اور یقین کے ساتھ انتہائی محنت کی ہے، یہی وجہ ہے کہ لوگوں نے دیا کے طور پر ان پر اتنا پیار برسایا ہے۔
دیشا کی موجودہ زندگی کے بارے میں بات کرتے ہوئے میور نے کہا کہ ہمارے والد نے ہمیشہ ہمیں سکھایا کہ زندگی میں بھی اور بطور اداکار بھی ہمیں ہر کردار کو ایمانداری سے ادا کرنا چاہیے، فی الحال دیشا حقیقی زندگی میں ماں کا کردار پوری لگن کے ساتھ ادا کر رہی ہیں۔
واضح رہے کہ دیشا وکانی اپنے پہلے بچے کی پیدائش کے بعد 2017ء میں تارک مہتا کا الٹا چشمہ سے الگ ہو گئی تھیں، تب سے ان کی واپسی ان کے مداحوں میں سب سے زیادہ موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے، ان کے شائقین تب سے ہی ان کی واپسی کی درخواست کر رہے ہیں۔
حال ہی میں شو کے پروڈیوسر اسیت مودی نے تصدیق کی ہے کہ دیا بین کا یہ کردار جلد ہی شو میں واپس آئے گا جسے کوئی اور اداکارہ نبھائیں گی اور اس کردار کے لیے آڈیشن جاری ہیں۔
تارک مہتا کا الٹا چشمہ بھارت کے سب سے طویل عرصے تک چلنے والے اور سب سے زیادہ مقبول سٹکامز میں سے ایک ہے جو 2008ء سے جاری ہے۔