• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر ٹرمپ کا نیو یارک ٹائمز پر 15 ارب ڈالر ہرجانے کا دعویٰ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ۔ فوٹو: فائل
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ۔ فوٹو: فائل

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے معتبر امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز اور اس کے چار رپورٹرز کے خلاف 15 ارب ڈالر ہرجانے کا دعویٰ دائر کر دیا ہے۔

ٹرمپ کا مؤقف ہے کہ نیو یارک ٹائمز نے ان کی شہرت، انتخابی مہم اور کاروباری ساکھ کو نقصان پہنچانے کے لیے برسوں سے جانبدار اور من گھڑت رپورٹنگ کی۔

ٹرمپ کی قانونی ٹیم نے مقدمہ مڈل ڈسٹرکٹ آف فلوریڈا کی فیڈرل کورٹ میں دائر کیا ہے۔ دعوے میں کہا گیا ہے کہ نیو یارک ٹائمز نے جان بوجھ کر ایسے مضامین اور رپورٹس شائع کیں جو بدنیتی پر مبنی تھیں اور ان کا مقصد ٹرمپ کے سیاسی کیریئر کو متاثر کرنا تھا۔

مقدمے میں تین تحقیقی مضامین اور ایک کتاب کو بنیاد بنایا گیا ہے جو انتخابی مہم کے دوران شائع ہوئیں۔ اس کے ساتھ ہی اخبار کے ایڈیٹوریل بورڈ کی جانب سے ڈیموکریٹ امیدوار اور موجودہ نائب صدر کملا ہیرس کی حمایت کو بھی ہرجانے کے دعوے میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹرمپ نے الزام لگایا ہے کہ نیو یارک ٹائمز نے ان کے خاندان، کاروباری سرگرمیوں اور ’’امریکا فرسٹ‘‘ تحریک کے بارے میں غلط تاثر پیدا کیا، جس سے ان کے خلاف قانونی کارروائیوں اور انتخابی عمل پر منفی اثر پڑا۔

دوسری جانب نیو یارک ٹائمز نے اس مقدمے کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام آزادی صحافت کو دبانے کی کوشش ہے۔ اخبار کا کہنا ہے کہ ان کی رپورٹنگ شواہد پر مبنی اور عوامی مفاد میں تھی۔

یہ مقدمہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ٹرمپ نے حالیہ برسوں میں کئی میڈیا اداروں کے خلاف قانونی چارہ جوئی تیز کی ہے۔ 

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر ٹرمپ کا دعویٰ کامیاب ہو جاتا ہے تو اس کے نتیجے میں امریکی میڈیا پر بڑے پیمانے پر قانونی اور مالی دباؤ بڑھ سکتا ہے، جو صحافت کی آزادی کے لیے بھی ایک نیا امتحان ہوگا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید