وزیراعظم عمران خان نے تیز گام سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پرحادثے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔
وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک بیان میں ٹرین سانحے کے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ تیزگام کو پیش آنے والے المناک حادثے پر دل نہایت رنجیدہ ہے۔ میری تمام ہمدردیاں غم میں ڈوبے خاندانوں کیساتھ ہیں اور میں زخمیوں کی جلد شفایابی کیلئے دعاگو ہوں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس کے ساتھ حادثے کی فوری تحقیقات ہنگامی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات بھی صادر کرچکا ہوں۔
انہوں نے زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔
واضح رہے کہ کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان کے قریب سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 65 ہوگئی، جس میں سے 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔