• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رحیم یار خان: تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی، 73 افراد جاں بحق

رحیم یار خان: تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی، 73 افراد جاں بحق


کراچی سے لاہور جانے والی تیز گام ایکسپریس میں رحیم یار خان کے قریب سلنڈر پھٹنے سے آگ لگ گئی جس کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 73 ہوگئی، جس میں سے 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں۔

بہاول پور، رحیم یارخان کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق تیزگام ایکسپریس کراچی سے راولپنڈی جا رہی تھی جس میں سلنڈر پھٹنے سے تین بوگیوں میں آگ لگی۔

رحیم یار خان: تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی،  65 افراد جاں بحق
سانحے میں جاں بحق ہونے والے افراد کے ناموں کی فہرست 

آگ نے 3 بوگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ مسافر ٹرین میں سلنڈر سے انڈا بوائل کررہے تھے کہ اچانک آگ بھڑ ک اُٹھی، متعدد افراد نے کود کر جان بچائی۔

10 لاشوں کی شناخت ہوگئی، 17 لاشیں ناقابل شناخت ہیں

ڈی سی او ریلویز کراچی جنید اسلم نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ متاثر ہونے والی تین بوگیوں میں 207 افراد سوار تھے جبکہ ان میں زیادہ تر مسافر حیدرآباد سے ٹرین میں چڑھے تھے۔

جنید اسلم کے مطابق ایک بوگی میں 78 افراد اور دوسری بوگی میں 77 افراد کی بکنگ تھی جبکہ  بزنس کلاس کی بوگی میں 54 افراد کی بکنگ تھی۔

رحیم یار خان: تیز گام ایکسپریس میں آتشزدگی،  65 افراد جاں بحق
سلنڈر جس کے پھٹنے سے تین بوگیوں میں آگ لگی

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر باقر حسین نے بتایا کہ 10 لاشوں کی شناخت ہوگئی ہے جبکہ دیگر جاں بحق افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جارہی ہے۔

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا بیان

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کے مطابق ٹرین کی اکانومی کلاس میں آگ لگی۔ تبلیغی جماعت کے لوگ اجتماع میں جارہے تھے۔

شیخ رشید نے کہا کہ زیادہ ہلاکتیں مسافروں کےچلتی ٹرین سےچھلانگ لگانے کی وجہ سے ہوئیں جبکہ شدید زخمیوں کو رحیم یار خان منتقل کیاجارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کھاریاں اور ملتان میں برن یونٹس ہیں۔

واقعے میں ریلوے کی نہیں، مسافروں کی غلطی ہے

اس کے علاوہ انہوں نے بتایا کہ بوگیوں میں لگی آگ پر قابو پالیا گیا ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ مسافروں کےدو سلنڈر پھٹنے کے باعث بوگیوں میں آگ لگی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعے میں ریلوے کی غلطی نہیں، مسافروں کی غلطی ہے۔ مسافر ٹرین میں سلینڈر کیسے لے کر پہنچے ، اس کی تحقیقات کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے: ’واقعے میں ریلوے کی نہیں، مسافروں کی غلطی ہے‘

شیخ رشید نے مزید کہا کہ دو گھنٹے میں ٹریک بحال کردیا جائے گا۔

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد کا بیان

وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے کہا ہے کہ ٹرین سانحےمیں جاں بحق افرادکے اہل خانہ کے غم میں شریک ہیں۔

یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ ٹرین سانحے میں جاں بحق افراد کےناموں کی فہرستیں آویزاں کی جائیں، سی ای او بہاولپور اور سی ای اورحیم یار خان زخمی افراد کے علاج کی نگرانی کریں۔

وزیر صحت پنجاب نے کہا کہ ضلع بہاولپور اور رحیم یارخان کے سرکاری اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ایمرجنسی نافذ کرنے کا مقصد زخمی افراد کے بہترین علاج کو یقینی بنانا ہے۔



ڈسٹرکٹ ہیڈ آفیسر باقر حسین کا ابتدائی بیان

ڈسٹرکٹ ہیڈ آفیسر باقر حسین کا کہنا ہے کہ دو بو گیوں میں لگی آ گ بجھا دی گئی ہے جبکہ تیسری بوگی کی آگ کی شدت میں بھی کمی آ گئی ہے۔

باقرحسین نے بتایا کہ آگ لگنے کے باعث جاں بحق افراد کی تعداد 13 ہوگئی ہے۔

ریلوے ذرائع کے مطابق جلی ہوئی بوگیاں الگ کر کے متاثرہ تیز گام کو روانہ کر دیا گیا ہے۔

سی ای او ریلوے اعجاز احمد کا ابتدائی بیان

سی ای او ریلوے اعجاز احمد نے بتایا کہ متاثرہ بوگیوں میں دو اکنامی اور ایک بزنس کلاس بوگی ہے۔ اُن کا کہنا ہے کہ اس سانحے سے کوئی ٹریک متاثر نہیں ہوا، ٹرینیں چل رہی ہیں۔

ڈی سی او ریلویز کراچی جنید اسلم کا ابتدائی بیان

ڈی سی او ریلویز کراچی جنید اسلم کا کہنا ہے کہ تیز گام کی 3، 4 اور5 نمبر کی بوگی میں آگ لگی۔ تینوں متاثرہ بوگیوں کےزیادہ ترٹکٹ ایک ہی مسافر کے نام پر بک کرائے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے: کراچی ایکسپریس کے انجن میں آگ لگ گئی

جنید اسلم نے کہا کہ ایک ہی مسافر کے نام پر ٹکٹ جاری ہونے سے انفرادی نام نکالنے میں مشکل ہورہی ہے۔

وزیراعظم کی تعزیت

وزیراعظم عمران خان نے غمزدہ خاندانوں سے اظہار تعزیت  کیا اور سانحے  میں زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت جاری کر دی۔

صدر پاکستان کی تعزیت

صدر مملکت عارف علوی کی جانب سے سانحہ تیزگام ایکسپریس میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر غم کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے جاں بحق ہونے والوں کےاہل خانہ کےلیے صبر جمیل کی دعا کی۔

صدر عارف علوی نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کےلیےبھی دعا کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کی تعزیت

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جاں بحق مسافروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کیا، کہا کہ ہماری تمام تر ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کےساتھ ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے زخمی مسافروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کی ہدایت کردی اور اس افسوسناک سانحے سے متعلق انتظامیہ سے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا اظہار تعزیت

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سانحہ تیز گام پر گہرے صدمے کا اظہارکیا ہے اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے عہدیدار اور کارکن زخمیوں کی بھرپور مدد کریں۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ حکومت جاں بحق افراد کو معاوضہ ادا کرےاور زخمیوں کے بہتر علاج کا بندوبست کرے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے زخمیوںکی جلد صحتیابی کے لیے دعابھی کی۔

شہباز شریف کا اظہار افسوس

مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے ٹرین سانحے پر دلی دکھ کا اظہار کیا اور کہا کہ انہیں تبلیغی جماعت اور دیگر مسافروں کے حادثے پر بہت رنج ہے۔

شہباز شریف نے زخمیوں کے لیے جلد صحت یابی کی دعا بھی کی۔

تازہ ترین