یورپ میں مقیم پاکستانی نژاد اہم شخصیات نے تیزگام حادثے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر ریلوے شیخ رشید اپنی نااہلی کا اعتراف کرتے ہوئے فوری طور پر مستعفی ہوجائیں۔
پاکستان قومی محاذ آزادی اوورسیز کے انچارج ارشد بٹ اور یورپ رابطہ کمیٹی کے کنوینر راؤ مستجاب نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں رحیم یار خان میں ریل گاڑی میں آگ لگنے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عینی شاہدین کے مطابق شارٹ سرکٹ کی وجہ سے شدید آگ بھڑکی جس سے اتنا بڑا انسانی المیہ پیش آیا مگر ریلوے وزیر حقائق چھپاتے ہوئے اسے سلنڈر پھٹنے سے جوڑ کر مسافروں کو ذمہ دار ٹھہرانے کی بھونڈی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹرین کے مسافروں کے بقول ریل گاڑی میں آگ بجھانے کے سیفٹی آلات اور انتظامات نہیں تھے۔ اس کے علاوہ ایمرجنسی زنجیر بریک خراب ہونے کی وجہ سے ٹرین نہ رک سکی اور ڈرائیور بھی ٹرین کو جلدی روکنے میں ناکام رہا۔ جس کی وجہ سے اموات اور زخمیوں کی تعداد میں اضافہ ہوا۔
انہوں نے وزیر اعظم عمران خان سے مطالبہ کیا کہ ریلوے وزیر کو جھوٹ بولنے، حقائق کو مسخ کرنے اور مسافروں کے لئے مناسب سیفٹی اقدامات نہ کرنے پر وزارت سے بر طرف کیا جائے اور حادثے کی جوڈیشل انکوائری کرائی جائے۔
ارشد بٹ اور راؤ مستجاب نے مطالبہ کیا کہ وزیر ریلوے اور دیگر ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر کے انصاف کے کٹہرے میں کھڑا جائے۔
پاکستان یونین ناروے کے چیئرمین چوہدری قمراقبال نے بھی اس حادثے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اس کی شفاف اور آزادانہ انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے حوادث کو روکا جاسکے۔