لاہور(نمائندہ خصوصی، مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے رحیم یار خان میں ٹرین حادثے کی خبر ملتے ہی سیاسی مصروفیات ترک کر دیں اور رحیم یار خان پہنچ گئے،وزیراعلیٰ نے شیخ زید اسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور علاج معالجے کی سہولتوں کاجائزہ لیا اور انتظامیہ کومتاثرین سانحہ کو مکمل سہولتیں فراہم کرنے کا حکم دیا، انہوں نے اپنا ہیلی کاپٹر زخمیوں کی منتقلی کیلئے مخصوص کردیا اور شیخ زید اسپتال میں برنس یونٹ بنانے کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ کو ڈپٹی کمشنر آفس میں کمشنر بہاولپور نے ٹرین حادثے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی،وزیراعلیٰ ائیر پورٹ پر آمد کے فوراً بعد شیخ زید اسپتال پہنچ گئے اور ایمر جنسی وارڈ میں داخل زخمیوں مسافروں کی عیادت کی اورفرداً فرداً ہر زخمی کے پاس جا کر خیریت دریافت کی،وزیراعلیٰ نے زخمیوں سے حادثے کے بارے میں بھی معلومات حاصل کیں۔