• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بینظیر قتل کیس، پرویز مشرف کی تمام جائیداد ضبط کرنیکا حکم

راولپنڈی ( نمائندہ جنگ) انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نمبر ایک راولپنڈی کے جج شوکت کمال ڈار نے بینظیر بھٹو قتل کیس کے اشتہاری ملزم سابق صدر پرویز مشرف کی تمام منقولہ وغیرمنقولہ جائیداد ضبط کرنیکا حکم دیدیا جس میں ملزم کےدو قیمتی پلاٹس، دو مہنگی ترین گاڑیاں اور مختلف بینکوں میں 19 سے زائد اکائونٹس میں موجود رقم بھی شامل ہے، قبل ازیں عدالت ملزم کے اشتہاری ہونے کے بعد دونوں ضمانتوں کے دس دس لاکھ روپے کے مچلکوں کی رقم بھی ضبط کرنے کا حکم دے چکی ہے، بینظیر قتل کیس انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی میں زیرسماعت رہا۔ اس دوران انہیں پیش ہونے کیلئے بار بار سمن جاری کئے جاتے رہے جس پر انہوں نے اپریل 2013میں پاکستان آکر سفری ضمانت حاصل کی اور بینظیر بھٹو قتل کیس میں شامل تفتیش ہوئے اور بعد ازاں 20 مئی 2013کو ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے پر دس دس لاکھ روپے کے دو مچلکوں پر ملزم کی ضمانت کر لی گئی، 18مارچ 2016کو علاج کیلئے بیرون ملک چلے گئے، جس کے بعد سابق صدر کو عدالت پیش ہونے کیلئے بار بار سمن اور وارنٹس جاری ہوئے ۔

تازہ ترین