• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ کچھ تخلیقی صلاحیتیں رکھتے ہیں تو اسٹوریج کے لیے اپنے گھر کی دیواروں کا بہترین استعمال کرسکتے ہیں۔ تاہم اس مقصد کے لیے گھر کی دیواروں کو استعمال کرنا بھی ایک ہنر ہے۔ آج اس حوالے سے ہم آپ کی رہنمائی کریں گے تاکہ آپ صحیح معنوں میں اپنے گھر کی دیواروں سے فائدہ اُٹھا سکیں۔

کچن میں برتنوں کا ریک

اس بات سے کوئی فرق نہیں پڑتا کہ آپ کا کچن کتنا جدید اور فعال ہے۔ فرق اس بات سے پڑتا ہے کہ اس میں اسٹوریج کی کتنی گنجائش ہے۔ ایک بہترین تجویز یہ ہے کہ آپ برتنوں کے لئے دیوار میں اسٹوریج کا انتظام کریں۔ اس طرح کرنے سے نہ صرف ضرورت کے برتن آپ کی دسترس میں رہیں گے بلکہ وہ خوبصورت انداز میں محفوط بھی رہیں گے۔ بھلا کون اس طرح کا پُرکشش باورچی خانہ نہیں چاہے گا۔

ریڈی میڈ شیلف

اگر آپ دیوار کے لیے صحیح شیلف کا انتخاب کرتے ہیں تو آپ بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں کو نہ صرف ضائع ہونے سے بچاسکتے ہیں، بلکہ انھیں گھر کی خوبصورتی کے لیے بھی استعمال میں لاسکتے ہیں۔ اس کے لئے صنعتی ڈیزائن ایک اچھا انتخاب ہوسکتا ہے، جو بغیر کسی سپورٹ کے عقب سے دیوار کے ساتھ چپکا ہوا ہو۔اس طرح آپ بڑی جگہ گھیرے بغیر بہت سادہ اور دلکش انداز میں نمائش کے لئے واضح جگہ بنا سکتے ہیں۔

سائیکل کی پارکنگ

کیا آپ سائیکل چلانا پسند کرتے ہیں؟ اگر ہاں تو پھر اپنی سائیکل کو دیوار کے ساتھ لگائیں۔ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ جگہ ایک آرائشی ٹکڑے کی حیثیت اختیار کر جائے گی اور جب آپ سائیکل چلانا چاہیں تو ہیلمٹ اُٹھائیں اور اس پر سوارہو جائیں۔ آپ ایک ریک کا انتخاب کریں اور اسے سائیکل کے لئے مختص کر دیں۔

پرندوں کا پنجرہ لٹکائیں

یہ کتنا شاندار آئیڈیا ہے۔ بجائے اس کے کہ آپ پرندوں کے پنجرے کے لئے زیادہ جگہ کو استعمال میں لائیں، اس کے برعکس پنجرے کو دیوار کے ساتھ لٹکائیں۔ یہ طریقہ نہ صرف گھر میں دلکشی اور خوبصورتی لاتا ہے بلکہ جگہ کی کمی کو پورا کر کے خوبصورت پرندوں کو نمائش کے لئے بھی پیش کرتا ہے۔

دلچسپ باغ اور پودے

وقت گزرنے کے ساتھ عمودی باغات کا رجحان مقبول ہورہا ہے، کیونکہ یہ ایک چھوٹی سی جگہ کو سبزہ زار میں بدلنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ صرف چند پودوں کو اپنی دیواروں میں ریکس کی مدد سے یا پھر لٹکتے ہوئے گلدانوں میں لگا کر آپ ایک سیدھی سادی اور بے رونق دیوار میں رنگ اور زندگی بھر سکتے ہیں۔

کافی ٹیبل کا متبادل

بجائے یہ کہ آپ اپنے چھوٹے کمرے میں کافی ٹیبل کیلئے خصوصی جگہ بنائیں، ایک دیوار کے ساتھ مزین کافی کی میز میں کئی چھوٹی چیزوں کو دلچسپ انداز میں اسٹور کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ ایسی میز کو خوابگاہ میں بیڈ کے اطراف کی میز کے طور پر بھی استعمال میں لایا جاسکتا ہے۔

دلکش دیواری ڈبے

دیواری ڈبے کئی لوگوں کو بہت پسند ہوتے ہیںکیوں کہ یہ بے پناہ خوبصورتی اور دلکشی کے ساتھ اور اختیاری دروازوں کے ساتھ اسٹوریج کے لئے بہت سی جگہ بھی فراہم کرتے ہیں۔ ان میں بہت سی چھوٹی چھوٹی چیزوں کو بآسانی چھپایا جا سکتا ہے۔ مربع شکل ہونے کی وجہ سے آپ ان ڈبوں کو ماڈیولر نظام کے تحت مختلف شکلوں، اسٹائلز اور ڈیزائنوں میں ترتیب دے سکتے ہیں۔

جدید مشروب ریک

اگر آپ مشروبات پینے کے دلدادہ ہیں اور مختلف مشروبات شوق سے پیتے ہیں تو آپ کو باورچی خانہ میں ایک ایسا ریک بنانا چاہئے، جس میں ان مشروبات کو خوبصورت انداز میں محفوظ کیا جاسکے۔ اس سلسلے میں دیوار پر مشروبات کے لیے بنا ریک اچھا تاثر دے گا۔

مقناطیس بورڈبطورا سٹوریج

مقناطیسی بورڈکا استعمال ایک شاندار تجویز ہے۔ اگر آپ کمرے میں چیزوں کی بے ترتیبی سے فکر مند ہیں تو اس مقناطیسی بورڈ کی مدد سے لوہے اور میٹل کی اشیا کو دلچسپ اندازمیں چسپاں کر دیں۔ یہ ڈیزائن باورچی خانے کے لیے بہت مقبول ہے۔

تازہ ترین