امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت وقت سے پہلے ہی غیر مقبول ہوگئی، جس نے اپوزیشن کو متحد کردیا ہے۔
لاہور سے جاری ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں اور متکبرانہ رویے کی وجہ سے سیاست میں انتشار ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کو مہنگائی و بیروزگاری کی دلدل میں دھکیل دیا ہے۔
امیر جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) اور پی ٹی آئی کی پالیسیوں میں کوئی فرق نہیں، جماعت اسلامی کشمیر کی صورتحال پر جلسے جلوس اور ریلیاں کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جماعتوں نے کشمیر کی صورتحال پر کشمیریوں کا اس طرح ساتھ نہیں دیا جو وقت کا تقاضا تھا۔
سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی آئندہ انتخابات میں اپنے نام و نشان پر الیکشن میں حصہ لے گی، قوم تمام پارٹیاں اور نظام آزما چکی، اب جماعت اسلامی کے علاوہ دوسرا کوئی آپشن نہیں ہے۔