• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بیسٹ وے گروپ کے ضمیر چوہدری نے ہائوس آف لارڈز میں حلف اٹھا لیا

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) برٹش پاکستانی بزنس مین لارڈ ضمیر چوہدری نے ہائوس آف لارڈز میں اپنی نشست اس عہد کے ساتھ سنبھال لی کہ وہ اپنے پوزیشن کو پاکستان اور برطانیہ کے ٹریڈ تعلقات کو فروغ دینے کے سلسلے میں کام کیلئے استعمال کریں گے۔ لارڈ ضمیر چوہدری جو راولپنڈی کے قریب گوجر خان سے 12 سال کی عمر میں برطانیہ آئے تھے اور وہ کیش اینڈ کیری جائنٹ بیسٹ وے کے چیف ایگزیکٹو، ٹوری پیر سر انور پرویز کے بھتیجے ہیں اور کنزرویٹیو فرینڈز آف پاکستان اور چیرٹی کرائم سٹاپرز کے ٹرسٹی ہیں۔ جب ضمیر چوہدی نے ملکہ برطانیہ سے وفاداری کا حلف اٹھایا تو اس موقع پر لارڈ سپورٹرز لارڈز لیڈر ایونز آف بوئز پارک اور کنزرویٹیو پیئر لارڈ مارلینڈ بھی ساتھ تھے۔ ان کی حلف برداری سے قبل ان کی بیرن چوہدری آف ہیمپسٹڈ آف لندن بارو آف بارنیٹ تقرری کا اعلان کیا گیا۔ حلف اٹھانے کے بعد انہوں نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اللہ تعالی کی رحمتوں پر اس کا شکر گزار ہوں میں اس کی رحمتوں پر اس کا شکر ادا نہیں کر سکتا میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ مجھے اتھی عزت اور شہرت ملے گی ۔ اللہ تعالی کی رحمتوں کی وجہ سے اس پوزیشن پر فائز ہوا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنی پوزیشن کو پاکستان اور برطانیہ کے ٹریڈ تعلقات میں فروغ کے سلسلے میں کام لانے کیلئے استعمال کروں گا۔ انہوں نے کہاکہ مجھے فخر ہے کہ ہمارا گروپ پاکستان میں سرمایہ کرنے والا سب سے بڑا غیر ملکی گروپ ہے۔ ہم پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے رول ماڈل ہیں اور ہم ناصرف پاکستان میں مزید سرمایہ کاری جاری رکھیں گے بلکہ دوسروں کی بھی حوصلہ افزائی کریں گے کہ وہ ہماری تقلید کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کریں اور پیسہ کمائیں۔ لارڈ چوہدری نے کہاکہ میں برٹش پاکستانیوں میں خواندگی بڑھانے میں مدد کرنے کا خواہاں ہوں ۔ برطانیہ کے بہت سے ٹائونز میں تعلیم کے میدان میں پاکستانی بہت پیچھے ہیں اور میری یہ ترجیح ہو گی کہ میں لوکل کمیونٹیزمیں تعلیم کو فروغ دینے میں مدد کروں۔ انہوںنے برٹش پاکستانی نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ اچھی جابس حاصل کرنے کیلئے اپنی توانائیاں تعلیم پر صرف کریں۔ واضح رہے کہ سات ہفتے قبل سابق وزیراعظم تھریسا مے نے اہم سیاسی مشیروں اور مختلف شعبوں میں سرکردہ شخصیات کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے اپنی آنر لسٹ میں ان کے نام دیئے تھے۔ سابق وزیراعظم نے ضمیر چوہدری کانام برطانیہ کی ڈومیسٹک اور بیرون ملک ٹریڈ میں سرکردہ بزنس مین اور انٹر پرینوئر کی حیثیت سے کردار اور برطانیہ و بیرون ملک ان کے مخیرانہ کام کے اعتراف میں تجویز کیا تھا ۔

تازہ ترین