• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت، بڑھتی فضائی آلودگی سے تاج محل بھی متاثر

بھارت، بڑھتی فضائی آلودگی سے تاج محل بھی متاثر


بھارت میں بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کے اثرات تاج محل پر بھی نظر آنے لگے، آلودہ فضا کے باعث تاج محل کی سفیدی، زرد رنگ میں ڈھلنے لگی۔

بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر آگرہ میں موجود مغلیہ دور کی تاریخی اور خوبصورت عمارت کے حسن کو آلودگی نے گہنا دیا ہے۔

آلودہ فضا کے باعث تاج محل کے سنگ مرمر کی سفیدی زرد پڑنے لگی تو انتظامیہ کو ہوش آیا اور محبت کی اس یادگار کو بچانے کے لیے تاج محل کے اطراف میں 2 ائیر پیوریفائر لگائے گئے ہیں۔

ہوا کو آلودگی سے پاک کرنے والے یہ ائیر پیوریفائر 300میٹر کے علاقے میں فضا کو صاف کریں گے تاکہ تاج محل پر آلودہ ماحول کے اثرات کم سے کم پڑیں اور اس کی خوبصورتی برقرار رہ سکے۔

واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے نئی دہلی سمیت بھارت کے شمالی علاقے آلودگی کے باعث اسموگ اور شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔

فضا میں دھند کے باعث تاج محل دیکھنے کے لیے آنے والے سیاحوں کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

یاد رہے کہ تاج محل کو مغل بادشاہ شاہ جہاں نے سولہویں صدی میں اپنی ملکہ ممتاز بیگم کی یاد میں تعمیر کیا تھا اور اس عمارت کا شمار دنیا کے سات عجائب میں ہوتا ہے جسے دیکھنے کے لیے دنیا بھر سے لاکھوں افراد آگرہ آتے ہیں۔

تازہ ترین