• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

کل تیسرا ٹی ٹوئنٹی، پاکستان درست کمبی نیشن کا متلاشی، ٹیم میں تبدیلیاں متوقع

بابرالیون کل آسٹریلیا کے خلاف تیسرا ٹی20 میچ کھیلے گی


کراچی(اسٹاف رپورٹر/ جنگ نیوز) آسٹریلیا کے خلاف تیسرے ٹی ٹوئنٹی میں شرکت کے لئے پاکستانی کرکٹ ٹیم کینبرا سے پرتھ پہنچ گئی۔ میچ جمعے کو کھیلا جائے گا، پہلامیچ بارش کی وجہ سے نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا تھا، جبکہ دوسرے میں مہمان ٹیم کو ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا، پاکستانی کھلاڑی جمعرات کو پریکٹس کریں گے ۔ پاکستان ٹیم نئے ہیڈکوچ اور چیف سلیکٹر کی نگرانی میں درست کمبی نیشن تشکیل دینے کیلئے کوشاں ہے۔ اوپننگ بیٹسمین فخر زمان، حارث سہیل اور آصف علی بری طرح ناکام ہیں۔ جبکہ بولرز بھی کینگروز کو قابو نہیں کرپارہے ہیں۔ پاکستان کیلئے سیریز برابر کرنا چیلنج ہے۔ اس میچ کےلئے پاکستانی ٹیم میں کم از کم تین تبدیلیاں متوقع ہے، ناکام اوپنر فخر زمان اور مڈل آرڈر آصف علی کی جگہ امام الحق اور خوش دل خان کو ملنے کا امکان ہے جبکہ بولنگ میں محمد عرفان اور وہاب ریاض میں سے ایک کو ٹیم سے باہر کیا جائے گا۔ دوسرے ٹی ٹوئنٹی میں آصف علی نے جس طرح اپنی وکٹ گنوائی اس پر کپتان بابر اعظم سخت ناراض ہوئے تھے، انہوں نے میدان میں ہی اپنے بھرپور ردعمل کا اظہار کیا تھا۔ تاہم انہوں نے عمدہ بیٹنگ سے خود کو قیادت کے منصب کا اہل ثابت کیا ہے۔ انہیں کھیلتا دیکھ کر مبصرین نے کہا ہے کہ ذمہ داری ان پر بوجھ نہیں لگتی۔عالمی نمبر ایک ٹی ٹوئنٹی پاکستان کو آسٹریلیا کے ہاتھوں سیریز میں شکست کا خدشہ ہے۔ گرین شرٹس نے مختصر ترین فارمیٹ میں مسلسل 11سیریز جیتنے کا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے لیکن اس کے بعد ٹیم کی کارکررگی میں تسلسل قائم نہیں رہا۔ پاکستان نے اپنی آخری ٹی ٹوئنٹی سیریز آخری سیریز گذشتہ برس اکتوبر نومبر میں عرب امارات میں نیوزی لینڈ کے خلاف قبل جیتی تھی۔ اسے رواں برس فروری میں جنوبی افریقا نے اپنے ہوم گرائونڈز میں 2-1سے شکست دی۔ جبکہ مئی میں انگلینڈ نے کارڈف میں میں واحد ٹی ٹوئنٹی میں سات وکٹ سے کامیابی سمیٹی تھی۔ سری لنکا کے خلاف سرفراز احمد کی قیادت میں پاکستان کو تین میچز کی سیریز میں کلین سوئپ ہوا جبکہ آسٹریلیا سے پہلا میچ بارش کی نذر ہونے کے بعد دوسرے میچ میں سات وکٹ سے ناکامی اٹھانا پڑی ہے۔ زبردست کارکردگی اور ہوم گرائونڈپر کھیلنے کا ایڈوانٹیج لینے والی آسٹریلین ٹیم نے فاسٹ بولر پیٹ کمنز کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وہ کینبرا سے ٹیم کے ہمراہ پرتھ جانے کی بجائے سڈنی روانہ ہوگئے ہیں جہاں فرسٹ کلاس میچ کھیلیں گے اور اس کے بعد 21 نومبر سے پاکستان کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں ایکشن میں ہونگے۔ جمعہ کی شام پرتھ میں پاکستان کے خلاف آسٹریلوی ٹیم میں 5 سال سے انٹرنیشنل میچ کی نمائندگی کے منتظر سین ایبٹ کو موقع ملنے کا امکان روشن ہوگیا ہے۔ آسٹریلیا کے ہیڈ کوچ جسٹن لینگر کا کہنا ہے کہ کمنز کے لیے ٹیسٹ سیریز سے پہلے آرام بہت ضروری ہے، ٹیم میں کچھ ردو بدل ہو گا لیکن جیت کا فارمولانہیں بدلے گا۔ ٹی ٹوئنٹی سیریز جیتنا چاہتے ہیں۔

تازہ ترین