سانگھڑ.....لاہور کے تفریحی مرکز گلشن اقبال پارک میں خود کش دھماکے کے بعد سے سانگھڑ سے تعلق رکھنے والے 8 اور ٹنڈو الہ یار کے 2 بچے اب تک لاپتہ ہیں۔سانگھڑ کی تحصیل شاہ پور چاکر کے گاؤں فقیر جی کھوئی سے تعلق رکھنے والا فیض محمد چانیو اپنی بیوی، چار بچوں اور دو نواسوں کے ہمراہ ایک ہفتے قبل لاہور گیا تھا۔
فیض محمد چانیو کے بھائی حنیف چانیو کے مطابق اس کا بھائی اپنے اہل خانہ کے ساتھ اتوار کی شام گلش اقبال پارک سیر کے لیے گیا تھا۔ جب یہ اطلاع ملی کی دھماکا ہوگیا ہے تو بھائی کو رابطہ کرنے کی کوشش کی گئی ،تاہم کسی سے بھی رابطہ نہ ہوسکا۔
ادھر دھماکے میں ٹنڈو الہ یار کے علاقے ٹنڈو سومرو سے تعلق رکھنے والے سخاوت نظامانی اور اس کا 16 سالہ بیٹا فضیل نظامانی بھی دھماکے میں زخمی ہوگیا۔اہل خانہ کے مطابق سخاوت نظامانی اپنے تین بیٹوں اور دو بھانجو کے ساتھ گلشن اقبال پارک گیا تھا۔ دھماکے کے بعد اس کے مزید دو بیٹے 8 سالہ روہیل اور 12 سالہ علی عباس لاپتہ ہیں جبکہ اس کے دو بھانجے لاہور میں اپنی رہائش گاہ پر پہنچ چکے ہیں۔