• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تمام سرکاری محکمے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں،چیف سیکرٹری

اپشاور(نیوزڈیسک)چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ڈاکٹر کاظم نیاز نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کی بہتری کیلئے کام تیز کرنااور عوام کے مسائل کا حل اولین ترجیح ہے جس کیلئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خیبر پختونخوا کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کے ساتھ تعارفی ملاقات کے دوران کیا۔اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکبر خان،تمام ڈویژنل کمشنرز،سیکرٹری ریلیف عابد مجیداور سیکرٹری داخلہ اکرام اللہ نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا نے تمام شرکاء سے تعارفی ملاقات کی اور اس دوران انہوں نے شرکاء کو ہدایات جاری کیں کہ تمام سرکاری افسران عوام کے خادم ہیں اس لئے روزانہ کی بنیاد پر کم از کم تین گھنٹوں کیلئے اپنے دفاتر کے دروازے عوام کیلئے کھلے رکھیں ، دور دراز کے علاقوں میں کھلی کچہری کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے اور عوام سے رائے جاننے کیلئے انٹرنیٹ ٹیلی کام ٹیک کا استعمال کریں ،قبضہ مافیا سے سرکاری اراضی کو فوری ضبط کرنے اور سرکاری بقایاجات کی واپسی کو یقینی بنانے کی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو بی ایچ یوز و دیگر سرکاری محکموں کی انسپکشن پر بھی زور دیا اور کہا کہ باقاعدگی سے سرکاری ہسپتالوں کا معائنہ ، سکولز و دیگر تعلیمی اداروں کی انسپکشن کریں ، صحت کے معاملے میں افسران کوئی کوتاہی نہ برتیں اور ملیریا ،ڈینگی اور آوارہ کتوں کے خلاف مہم چلائیں ، شہریوں سے ذاتی موبائل پر ڈومیسائل سرٹیفکیٹ ،فرد ،اسلحہ لائسنس،برتھ و ڈتھ سرٹیفیکیٹ ،طلاق وغیرہ کا سرٹیفیکیٹ ،لینڈ میوٹیشن و ڈیڈ رجسٹریشن ،ہیلتھ ایمرجنسیز، ڈی ایچ کیوز اور ریسکیو 1122 کے حوالے سے عوام کی رائے جانئے متعلقہ محکمے کی خدمات سے شہری مطمئن ہیں یا نہیں ۔انہوں نے پولیو پر خاص توجہ دیتے ہوئے کہا کہ پولیو کے خاتمے میں اپنا حصہ ڈالیں اور پولیو کا مکمل طور پر خاتمہ کریں اور اس کیلئے بچوں کوقطرے پلائیں اور باقاعدگی سے مانیٹرنگ بھی کریں۔
تازہ ترین