• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حفیظ عرف ڈاڈا سمیت 3 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار

کراچی کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران کھوکھراپار سے گینگ وار کا بھتہ خور ٹارگٹ کلر حفیظ عرف ڈاڈا، جبکہ نارتھ ناظم سے 3 اسٹریٹ کرمنلز گرفتار کرلیے گئے۔

پولیس نے کھوکھراپار سے لیاری گینگ وار ارشد پپو کا انتہائی خطرناک ٹارگٹ کلر حفیظ عرف ڈاڈا گرفتار کر لیا ہے، ملزم نے دورانِ تفتیش پولیس اہلکاروں سمیت متعدد افراد کے قتل کی وارداتوں کا اعتراف کیا ہے۔

حفیظ ڈاڈا کے مطابق رواں سال پاک کالونی میں ساجد ڈکیت کے جوئے کے اڈے پر پولیس پارٹی نے چھاپہ مارا تو ملزم نے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی جس سے اہلکار فاروق شہید ہوگیا تھا۔

ملزم نے2017ء میں ساتھیوں کے ساتھ مل کر حاجرہ نامی لڑکی کو قتل کیا، 2015ء میں حفیظ ڈاڈا بلدیہ مدینہ کالونی میں غیر قانونی اسلحے سمیت گرفتار ہوا۔

2014ء میں ملزم نے گینگ وار کارندے بلال عرف پپو کے کہنے پر ساتھیوں کے ساتھ مل کر گولیمار، ریکسر لائن میں پولیس پر حملہ کیا جس سے ایک اہلکار شہید اور دوسرا زخمی ہوگیا، حفیظ ڈاڈا کے ساتھیوں میں معراج، شیراز، عبدالقادر عرف ڈی جے، عبید عرف سیٹھا، زین، حبیب، ساحل سمیت دیگر شامل ہیں۔

لیاری، کلری پولیس نے پولیس پر حملوں اور بھتہ خوری میں ملوث ملزم سکندر عرف پٹنی کو گرفتار کر لیا، سکندر پٹنی نے کھارادر میں کوچنگ سینٹر کی انتظامیہ سے ایک لاکھ روپے بھتہ مانگا تھا۔

بھتہ خور نے کوچنگ سینٹر کے منتظم نوید کو بھتے کی رقم دینے کے لیے نیا آباد بلایا تو پولیس بھی اطلاع ملتے ہی پہنچ گئی اور بھتہ خور کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزم سے 25 ہزار روپے بھتے کی رقم اور اسلحہ برآمد کیا گیا ہے۔

نارتھ ناظم آباد، حیدری سے پولیس نے 3 اسٹریٹ کرمنلز کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان میں خادم عرف لیاقت، سہیل اور علی شاہ شامل ہیں۔

ملزمان نے سچل گوٹھ اور مدینہ کالونی سمیت دیگر علاقوں میں لوٹ مار کی ہے، ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج ہیں۔

تازہ ترین