• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مرکزی جامع مسجد لوٹن میں آج سکھ کمیونٹی کو خوش آمدید کہا جائےگا

لوٹن (شہزاد علی) سکھ کمیونٹی کے سیکڑوں پیروکاروں کو آج بروز ہفتہ لوٹن مرکزی جامع مسجد میں خوش آمدید کہا جائے گا، خطیب مرکزی جامع مسجد لوٹن مولانا حافظ اعجاز احمد، صدر انتظامیہ حاجی چوہدری محمد شفاعت پوٹھی، نائب صدر حاجی ملک پنوں خان، نائب صدر چوہدری نثار، سنیئر رہنما حاجی چوہدری محمد قربان، جنرل سیکرٹری تنویر منیر، حاجی جاوید، حاجی محمد شبیر اور دیگر نے بتایا کہ برطانیہ بھر سے بڑی تعداد میں سکھوں کے پیروکار آج صبح ساڑھے دس بجے لوٹن سینڑل ماسک پہنچیں گے، خیال رہے کہ سکھ اپنے روحانی پیشوا کی تقریبات منا رہے ہیں جبکہ لوٹن مرکزی جامع مسجد میں پاکستانی کشمیری برادری جذبہ خیرسگالی کے طور پر سیکڑوں کی تعداد میں سکھوں کا خیر مقدم کرے گی۔ اس حوالے مولانا حافظ اعجاز احمد کا کہنا تھا کہ لوٹن مرکزی مسجد میں اس طرح کی سرگرمی سے ملٹی فیتھس کے تصور کو اجاگر کرنے اور برطانیہ میں مختلف مذاہب کے باہم مل جل کر رہنے کی کوششوں کو پرموٹ کرنے میں مدد مل سکے گی۔ حاجی چوہدری محمد شفاعت پوٹھی نے سوشل میڈیا پر پاکستانی کشمیری کمیونٹی کو سکھ برادری کے ویلکم کے لئے مرکزی جامع مسجد آمد کی دعوت دی۔ پہلوان حاجی ملک پنوں خان کا کہنا تھا کہ کرتار پور کے حوالے سے سکھ جہاں وزیراعظم عمران خان اور حکومت پاکستان کے مشکور ہیں وہاں آج لوٹن کی پاکستانی کشمیری کمیونٹی کی جانب سے تاریخی استقبال کو بھی مدتوں یاد رکھیں گے۔ حاجی چوہدری محمد قربان کا کہنا تھا کہ اس عمل سے لوٹن میں پاکستانیوں کے امیج کو بہتر بنانے میں یقینی طور پر مدد مل سکے گی۔ لوٹن اسلامک کلچرل سوسائٹی کے چوہدری نثار، حاجی جاوید، چوہدری ولایت عرف ولی، چوہدری اورنگزیب، حاجی چوہدری محمد شبیر، تنویر منیر اور دیگر کمیونٹی مشترکہ طور پر سکھ برادری کو خوش آمدید کہے گی۔ اس موقع پر خیر مقدمی کلمات ادا کئے جائیں گے۔
تازہ ترین