بھارتی سیاست دان، کانگریس کے رکن اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کرتار پور پہنچ گئے۔
سکھوں کے روحانی پیشوا بابا گرونانک کے550 ویں جنم دن کے موقع پر آج پاکستان کرتارپور راہداری کا افتتاح کر رہا ہے، جس کے سلسلے میں منعقدہ تقریب میں شرکت کے لیے نوجوت سنگھ سدھو کرتار پور پہنچے ہیں۔
اِس سے پہلے اٹاری میں بھارتی حکام نے 5 روزہ ویزا حاصل کرنے کے باوجود بھی نوجوت سنگھ سدھو کو وہاگہ بارڈر کے راستے پاکستان میں داخل ہونے سے روک دیا تھا، جس کے بعد بھارتی سیاست دان و سابق کرکٹر کے استقبال کے لیے واہگہ بارڈر پر موجود وفد بھی واپس چلا گیا تھا اور سدھو کو کرتاپور کے راستے پاکستان میں داخل ہونے کی ہدایت دی گئی تھی۔
اس سے قبل سینیٹر فیصل جاوید سے ٹیلیفونک گفتگو کرتے ہوئے نوجوت سنگھ سدھو نےآج کرتارپور میں گوردوارے کی افتتاحی تقریب میں شرکت کا اعلان کیا تھا۔
نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا تھا کہ دربار صاحب کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے بے قرار ہوں، دنیا بھر میں بسنے والے کروڑوں سکھ اپنی مقدس دھرتی کی زیارت کے لیے بے تاب ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ وہ حکومتِ پاکستان خصوصاً وزیرِ اعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں، جو بابا گرونانک کے 550 ویں جنم دن کے تاریخی موقع پر دربار صاحب کا افتتاح کر رہے ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو کے اعلان کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں بتایا تھا کہ وزیرِ اعظم تاریخی افتتاح کی تقریب میں مہمان خصوصی ہوں گے۔
فیصل جاوید نے نوجوت سنگھ سدھو سمیت پوری دنیا کے سکھوں کو دربار صاحب کے افتتاح کی مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا تھا کہ سدھو سمیت تمام سکھ یاتریوں کے خیر مقدم اور میزبانی کے لیے پاکستان تیار ہے اور انہیں خوش آمدید کہتا ہے۔
بالی ووڈ اداکار سنی دیول بھی کرتارپور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لیے پاکستان آرہے ہیں۔
سنی دیول کی آمد بھی متوقع
بھارتی اداکار سنی دیول کی بھی آج کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں آمد متوقع ہے۔
بھارتی پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کے دفتر کے حوالے سے بیان جاری کیا گیا تھا کہ بھارتی اداکار سنی دیول بھی کرتار پور راہداری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے اور مودی سرکار کی جانب سے انہیں اجازت نامہ بھی مل چکا ہے۔
نامور اداکار سنی دیول اداکاری کو خیر آباد کہہ کر سیاست میں قدم رکھ چکے ہیں،وہ بھارتی پنجاب کے شہر گورداسپور کی صوبائی اسمبلی کے رکن بھی ہیں۔
انہوں نے پاکستان کے خلاف بہت سی فلموں میں کام کیا ہے اور اب سیاسی میدان میں بھی پاکستان کی مخالفت کر چکے ہیں۔