• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وانا ،ڈیرہ اسماعیل خان(نمائند گان جنگ) جنوبی وزیرستان وانا بازار سے تین روز قبل سوا کروڑ کے چلغوزے کی چوری کا ڈراپ سین،23 بوریاں برآمد،2 ملزمان گرفتار۔تفصیلات کے مطابق 6اور 7نومبر 2019کی درمیانی شب وانا بائی پاس کے قریب گودام سے 8سے9مسلح افراد اسلحہ کی نوک پر گودام سے چلغوزے کی23بوریاں اٹھا کر لے گئے۔ گودام کے مالک کی رپورٹ پر وانا پولیس نے نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کیا۔ریجنل پولیس آفیسر کیپٹن (ر) فیروز شاہ نے واقعہ کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او وانا عثمان وزیر کی قیادت میںدس رکنی خصوصی تفتشی ٹیم تشکیل دی جس نے دوران تفتیش ڈیرہ اسماعیل خان سے ایک ملزم کو گرفتار کیا ،گرفتار شخص کی نشاندہی پر وانا بازار سے تین بوری چلغوزہ برآمد کرلیا جس کے بعد گرفتار ملزم کی نشاندہی پر جنوبی وزیرستان کی تحصیل شکئی میں شانگلہ پہاڑی کے مقام پر چھاپے کے دوران مزید 20بوری چلغوزہ برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیا جو ان بوریوں کو کسی دوسری جگہ منتقل کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔ ادھر وانا سٹی تھانہ کے ایس ایچ او عثمان وزیر نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ گرفتار ملزمان میں سے ایک ہی ملزم کی نشاندہی پر کل صبح 15رکنی ٹیم نے علاقہ سانگہ چلغوزے کی ساری بوریا ں اپنے قبضے میں لیکر دو گاڑیوں میں ڈال کر سٹی تھانہ وانا پہنچا دیں۔ جبکہ تاجرتنظیم کے صدر خان محمدوزیر،ملک سمت اللہ خان کاکا خیل وزیر اور چلغوزے کے مالک نبوت خان مداخیل آف شمالی وزیر ستان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اظہار تشکر کر تے ہو ئے کہا کہ امن کے سلسلے میں باہمی تعاون سے وانا میں کوئی چوری ڈکیتی اور دیگر وارداتوں کا آئندہ سوچ بھی نہیں سکے گا۔

تازہ ترین