• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’امیزون‘‘ بے گھر افراد کیلئے 8؍ منزلہ شیلٹر ہائوس تعمیر کریگا

کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا کے سب سے بڑے آن لائن ریٹیل اسٹور ’’امیزون‘‘ نے امریکی ریاست واشنگٹن کے شہر سیاٹل میں لاکھوں ڈالرز خرچ کرتے ہوئے بے گھر افراد کیلئے شیلٹر ہائوس تعمیر کر رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق، امیزون نے اس پروجیکٹ کیلئے غیر منافع بخش تنظیم ’’میری پلیس‘‘ کے اشتراک سے اپنے سب سے بڑے دفتر کو بے گھر افراد کیلئے مختص کر دیا ہے۔ اس شیلٹر کی تعمیرات کا کام تیزی سے جاری ہے اور توقع ہے کہ 2020ء میں اس کا افتتاح کر دیا جائے گا۔ اس شیلٹر ہائوس میں روزانہ 275؍ افراد کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس شیلٹر ہائوس میں ضرورت مند خاندانوں کو رات کے اوقات میں رہائش کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ یہاں بچوں کے کھیلنے کی تمام سہولتیں موجود ہوں گی اور ساتھ ساتھ ان کے والدین کیلئے بھی تفریحی مواقع ہوں گے۔ اس کے علاوہ، مہمانوں کیلئے صاف ستھرے غسل خانے، کھانے پینے کیلئے بڑے ڈائننگ ہالز اور ڈاکٹروں کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ فیملیز کیلئے مجموعی طور پر 30؍ کمرے مختص کیے گئے ہیں۔ تاہم، 8؍ منزلہ یہ شیلٹر (عمارت) ملک کے تمام بے گھر افراد کی ضروریات پورا نہیں کر پائے گی کیونکہ ملک میں بے گھر افراد کی تعداد 12؍ ہزار ہے۔ لیکن خوش آئند بات یہ ہے کہ امیزون کا بے گھر افراد کیلئے یہ تحفہ ریاست واشنگٹن میں بے گھر افراد کی رہائش کیلئے سب سے بڑا شیلٹر ہائوس ہوگا۔ تعمیرات کا 42؍ فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ امیزون کے نائب صدر جان شوٹلر کا کہنا تھا کہ کمپنی شہر میں بے گھر افراد کے مسائل حل کرنے میں دلچسپی رکھتی ہے، شہر میں بے گھر افراد کے حوالے سے مسئلے کی نشاندہی کرتے ہوئے 2015ء میں اسے بحران قرار دیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ ملک میں بے گھر افراد کے حوالے سے تین بڑے علاقے توجہ کا مرکز رہے ہیں جن میں نیویارک، لاس اینجلس اور کنگز کائونٹی شامل ہیں۔

تازہ ترین