راولپنڈی (مانیٹرنگ ڈیسک) آصف علی زرداری کے ترجمان عامر فدا پراچا نے کہا ہے کہ سابق صدر کے دل کے پاس خون جمع ہو گیا ہے جس کی وجہ سے ان کی زندگی کو سخت خطرہ لاحق ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان آصف زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹروں کی جانب سے پی پی شریک چیئرمین کی انجیو گرافی کا مشورہ دیا ہے،ان کے دل کے پاس خون جمع ہو گیا ہے، پرائیویٹ میڈیکل بورڈ نہ بنانا ایک مجرمانہ فعل ہے۔
عامر فدا پراچا کا کہنا تھا کہ سابق صدر کو ماہر ڈاکٹر مہیا کیے جائیں، ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہو گیا ہے، آصف زرداری کے لیے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ نہ بنایا جانا ایک مجرمانہ فعل ہے۔
واضح رہے کہ پمز اسپتال کا میڈیکل بورڈ بھی کہہ چکا ہے کہ آصف زرداری کے پلیٹ لیٹس میں اگرچہ بہتری آ ئی تھی تاہم ان کے ہاتھوں میں رعشے کے باعث کپکپاہٹ میں نمایاں اضافہ ہو چکا ہے۔