کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی ریجن بلیوز 9 وکٹ کی کامیابی کے ساتھ جبکہ ملتان ریجن پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر قائد اعظم ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔فیصل آباد کے علی رفیق اورافتخار احمد کی شاندار سنچریاں بھی ٹیم کو فتح سے ہمکنارکرنے میں ناکام رہیں۔ تین روزہ چیمپئن شپ آخری روز اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں کھیلے جانے والے سیمی فائنل میں کراچی بلیوز نے سیالکوٹ ریجن کو 9 وکٹ سے شکست دی۔ میچ کے تیسرے اور آخری روز سیالکوٹ کی ٹیم نے گزشتہ روز کے اسکور 116 رنز چھ کھلاڑی آئوٹ پردوسری اننگز کا آغاز کیا اور پوری ٹیم 59.2 اوورز میں 158 پر ڈھیر ہوگئی۔ علی خان نے 35 اور سلمان علی نے 33 رنز بنائے۔ محمد آصف، فواد عالم نے تین، تین اور محمد کامران نے دو وکٹیں لیں۔جواب میں کراچی ریجن کو فتح کیلئے 43رنز کا ہدف ملا۔فاتح ٹیم کراچی ریجن نے ہدف ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔ خرم منطور نے15رنز بنائے۔ اسد شفیق 17 اور مہتشم علی 11 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ رہے۔سیالکوٹ ریجن نے پہلی اننگز 111 رنز بنائے تھےجبکہ کراچی ریجن نے 225رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ دوسرے سیمی فائنل میںفیصل آباد ریجن نے دوسری اننگز میں پانچ وکٹ پر 378 رنز بنائے ۔ علی رفیق 115 اور افتخار احمد نے 104 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی لیکن ان کی اننگز ٹیم کو فتح سے ہمکنار نہ کرسکیں۔ عاطف منظور نے 62 رنز بنائے۔ ذوالفقار بابر نے دو وکٹیں لیں۔ملتان ریجن نے 9کھلاڑیوں کے نقصان پر365رنز پر پہلی اننگز ڈکلیئر تھی جبکہ فیصل آباد پہلی اننگزمیں 107رنز بناکر ڈھیر ہوگئی تھی۔ دریں اثنا ملتان سے نمائندہ جنگ کے مطابق ملتان ریجن کرکٹ ٹیم کے کوچ وسیم حیدر نے کہا ہے کہ فائنل میں کراچی ریجن کے خلاف راؤنڈ میچ میں کامیابی حاصل کرنے پر نفسیاتی برتری حاصل ہے۔ نئے کھلاڑیوں علی حسنین ،شہزاد علی ،عبدالرحمٰن مزمل ،ماجد علی ااور عمران رفیق نے بہت متاثر کیا۔ کمیل عباس کی پرفارمنس بہت زیادہ متاثر کن رہی ہے۔ ماسٹر کے امتحان کے باعث وہ سیمی فائنل میں شرکت نہیں کرسکے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس ایونٹ میں خاص طور پر سینئر کھلاڑیوں ذوالفقار بابر ،کاشف نوید ،صہیب مقصود ، سعید انور جونئیر ، زین عباس ، رضوان حیدر گلریز صدف نے ملتان ریجن کو فرسٹ کلاس کیلئے کوالیفائی کرانے کیلئے اہم کردار ادا کیا ہے انہوں نے امید ظاہر کی کہ فائنل میں بھی یہ کھلاڑی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کریں گے۔