• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آج کی فلمی موسیقی کا بہت بُرا حال ہے، ترنم ناز


پاکستانی فلموں کی نامور پلے بیک سنگر ترنّم ناز نے کہا ہے کہ پاکستانی فلموں سے موسیقی ملکہ ترنّم نورجہاں کے ساتھ ہی چلی گئی تھی۔ آج کی فلمی موسیقی کا بہت برا حال ہے۔ موسیقاروں کے نام سے بھی کوئی واقف نہیں ہوتا۔ کوئی اگر میری بات سے ناراض ہوتا ہے تو ہوجائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں موسیقار اعظم ماسٹر غلام حیدر کی یاد میں منعقدہ محفلِ موسیقی سے قبل جنگ سے بات چیت کرتے ہوتے ہوئے کیا۔

ترنم ناز نے بتایا کہ میں وہ واحد گلوکارہ ہوں، جس نے ملکہ ترنم نورجہاں کی باقاعدہ شاگردی اختیار کی۔ موسیقار ماسٹر غلام حیدر نے برصغیر میں کئی بڑی آوازوں کو متعارف کروایا، ان میں سب سے زیادہ مقبولیت میڈم نورجہاں، لتا منگیشکر اور شمشاد بیگم کو حاصل ہوئی۔ اب ان جیسے موسیقار نظر نہیں آتے۔ وہ اپنے کام سے عشق کرتے تھے۔ 50برس بعد نورجہاں کی آواز میں گائے ہوئے سدا بہار گیت سماعتوں میں آج بھی رس گھول رہے ہیں۔

گلوکارہ ترنم ناز نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان میں فن کاروں کی قدر نہیں کی جاتی، اس لیے فیملی میں سے کوئی شوبزنس کی طرف نہیں آیا۔

درجنوں فلموں میں آواز کا جادو جگانے والی گلوکارہ ترنم ناز نے آرٹس کونسل میں اپنی آواز کا جادو جگا کر محفل میں ماضی کی یادیں تازہ کیں۔

اس موقع پر گلوکار ظفر رامے، نعمان خان، فضا علی اور عمران جاوید نے بھی مشہور پاکستانی گیت پیش کیے۔

آج کی فلمی موسیقی کا بہت بُرا حال ہے، ترنم ناز
گلوکار ظفر رامے نے بھی اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

ماسٹر غلام حیدر کے صاحبزادے پرویز حیدر نے احمد شاہ، ڈاکٹر ہما میر سمیت تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔

تازہ ترین