کراچی میں کینٹ اسٹیشن کے اطراف تین گھنٹوں کے دوران دو ٹرینیں پٹری سے اتر گئیں ، ان واقعات میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم کراچی سے اندرون ملک کے لیےروانہ ہونے والی ٹرینیں تاخیر کا شکار ہیں۔
ریلوے حکام کے مطابق صفائی ستھرائی کے بعد کراچی ایکسپریس کو کینٹ اسٹیشن سے متصل شینٹنگ ایریا میں صفائی کے بعد پلیٹ فارم پر لایا جارہا تھا کہ اس کی دو بوگیاں پٹری سے اتر گئیں، جس سے شنٹنگ ایریا میں کھڑی دیگر ٹرینوں کو کینٹ اور سٹی اسٹیشن پہنچانے میں تاخیر ہوئی۔
پونے تین گھنٹے کی تاخیر سے رات پونے آٹھ بجے روانہ ہونے والی تیزگام ایکسپریس کینٹ اسٹیشن سے محض ایک کلومیٹر دور کالا پل کے قریب حادثے کا شکار ہوئی۔
اس ٹرین کی آخری دو بوگیاں ڈی ریل ہوئیں جس سے ٹرینوں کی آمدورفت متاثر ہوئی ہے۔ٹرینوں کی روانگی میں تاخیر کی وجہ سے سٹی اور کینٹ اسٹیشن پر مسافروں کو دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔