• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جو لاپتا افراد مجرم نہیں انہیں فوری رہا کیا جائے، مجلس وحدت مسلمین سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) مجلس وحدت مسلمین سندھ کے جنرل سیکریٹری علامہ باقر عباس زیدی نے کہا ہے کہ وہ لاپتہ افراد جو کسی جرم میں ملوث نہیں انہیں رہا کیا جائے۔ اس سال بھی شہید قائد علامہ عارف حسین الحسینی کے فرمان کے مطابق اور علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی اپیل ملک بھر میں ہفتہ وحدت منایا جارہا ہے،مزید پروگراموں کاانعقاد کیا جائے گا جن میں تمام مسالک سے تعلق رکھنے والے مذہبی ہم آہنگی کا پرچار کرنے والی سیاسی و سماجی و مذہبی شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ علامہ صادق جعفری،علامہ علی انور،علامہ مبشر حسن، یعقوب حسینی،ناصر الحسینی سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔ انھوں نے کہا کہ ماہ محرم الحرام وصفر میں سندھ کے مختلف اضلاع میں جلوس عزاء کے روٹس حکومتی عد توجہی کے باعث بد حالی کا شکار رہے۔ سڑکوں کی پیوند کاری کو بھی کروانا صوبائی حکومت نے مناسب نہیں سمجھا۔ایسا لگتا ہے کہ حکومت جلوس کے ان راستوں پر تعمیراتی کاموں میں جان بوجھ کر تاخیر کر رہی ہے، ہم وفاقی و صوبائی حکومت کو متنبہ کرتے ہیں کہ رمضان المبارک سے قبل تعمیرات کو فوری مکمل کیا جائے اور نمائش چورنگی مرکزی جلوس عزاء کے پرانے روٹس کو بحال کیا جائے۔انھوں نے کہا کہ عزاداری سید الشہداء ہمارا قانونی و آئینی حق ہے اس کے خلاف کوئی سازش برداشت نہیں کرینگے۔

تازہ ترین