• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کا کہنا ہے کہ ہندو آبادی کے دیرینہ مطالبے پر ان کی عبادت گاہوں کو از سرِ نو کھولا جائے گا۔

پاکستان ریڈیو کے مطابق مرکزی سیکرٹری اطلاعات احمد جواد کی جانب سے ایک اعلامیہ جاری کیا گیا ہے جس میں انہوں نے اہم حکومتی اقدامات کا خلاصہ جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ہندو آبادی کے دیرینہ مطالبے پر ان کی عبادت گاہوں کو از سر نو کھولا جائے گا، اعلامیہ میں پی ٹی آئی کے اب تک کے 10 بہترین اقدامات کے بارے میں بتایا گیا ہے جس میں قومی ایئرلائین پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 3 ارب سے کم ہو کر ڈیڑھ ارب رہ جانا بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیے: 1971 کی پاک بھارت جنگ میں گوردوارہ کرتار پور تباہ ہونے سے کیسے بچا؟

اس کے علاوہ آلٹرنیٹ انرجی ڈویلپمنٹ بورڈ (اے ای ڈی بی) کی جانب سے 550 میگاواٹ صلاحیت کے حامل ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے 11 منصوبوں کی تعمیر کے لیے معاہدوں کا بھی اعلامیے میں ذکر ہے۔

احمد جواد کے مطابق مصنوعی مہنگائی پر قابو پانے اور قیمتوں کو قابو میں رکھنے کے لیے وفاقی حکومت کا اشیائےخورونوش کی طلب و رسد کے حوالے سے مربوط حکمت عملی وضع کرنے کے لیے اسپیشل سیل کی تشکیل کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں سکھوں کے بڑے مذہبی مقامات کہاں ہیں؟

مرکزی سیکرٹری اطلاعات تحریک انصاف کی جانب سے جاری اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 20 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، اکتوبر میں ترسیلات زر 2 ارب ڈالرز ریکارڈ کی گئیں جو کہ ستمبر 2019 کے مقابلے میں 14.4فیصد زیادہ ہے۔

احمد جواد کے مطابق گوادر میں جدید ترین سہولیات سے آراستہ اسپتا ل کی 24 ماہ میں تعمیر مکمل کرنے کے منصوبے پر چینی کمپنی نے کام کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے جبکہ منصوبے پر 100 ملین ڈالرز کی لاگت آئے گی۔

حکومت کے دس بہترین اقدامات میں نئے کاروبارکے آغاز، کاٹیج انڈسٹری اور چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی افزائش میں معاونت کے لیے پنجاب حکومت کا قرضے کی اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ بھی شامل ہے۔

پنجاب حکومت کا قصور میں عالمی معیار سے ہم آہنگ سرمایہ کاری کے لیے یکساں پرکشش اور وباؤں سے آزاد لائیو اسٹاک زون قائم کرنے کا فیصلہ بھی اعلامیہ کا حصہ ہے۔

دریاؤں کے بہاؤ کی نگرانی اور سیلاب کی پیش گوئی کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے 5 دریاؤں پر ڈیجیٹل ٹیلی میٹری سسٹم نصب کردیا ہے جو کہ ایک اہم کامیابی ہے۔

تازہ ترین