• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ن لیگی متوالوں کا نواز شریف کیلئے اپنی جائیدادیں دینے کا اعلان

ن لیگی متوالوں کا نواز شریف کیلئے اپنی جائیدادیں دینے کا اعلان


ایک رکن پنجاب اسمبلی سمیت مسلم لیگ ن کے کئی متوالوں نے نواز شریف کی ضمانت کے لیے اپنی جائیدادیں حکومت کی تحویل میں دینے کا اعلان کردیا، متوالے جائیداد کے اسٹیمپ پیپر لے کر جاتی امرا پہنچ گئے۔

مسلم لیگ ن کے ایم پی اے مرزا جاوید نے نوازشریف کی ضمانت کے لیے اپنی جائیداد کا اسٹیمپ پیپر جاتی امرا میں جنید صفدر کے حوالے کردیا۔

اسٹیمپ پیپر میں کہا گیا ہے کہ حکومت نواز شریف کی ضمانت کے لیے یہ جائیداد لے لیں اور نواز شریف کو علاج کے لیے بیرون ملک جانے دیا جائے۔

نواز شریف کی ضمانت دینے والوں میں ایوب صابر اور خاتون آسیہ زینب بھی شامل ہیں۔

ایوب صابر کا کہنا ہے کہ حکومت بطور ضمانت انہیں رکھ لے اور نواز شریف کو جانے دے۔

خاتون آسیہ زینب کہتی ہیں کہ نواز شریف علاج کے بعد وطن واپس نہ آئے تو وہ ذمہ دار ہوں گی۔

مظفر گڑھ کا ایک نوبیاہتا جوڑا نواز شریف سے ملنے جاتی امرا پہنچ گیا۔

واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو علاج کیلئے 4 ہفتوں کیلئے بیرون ملک جانے کی مشروط اجازت دی ہے، وزیر قانون فروغ نسیم نے بتایا کہ وفاقی حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ نواز شریف کو ایک بار کے لیے یہ اجازت دے رہی ہے کہ وہ بیرون ملک جائیں اور علاج کرائیں۔

فروغ نسیم نے مزید کہا کہ ’نواز شریف کی بیرون ملک روانگی اس بات سے مشروط ہے کہ نواز شریف یا شہباز شریف 7 ارب روپے کے ضمانتی بانڈ جمع کرادیتے ہیں تو وہ باہر جاسکتے ہیں اور اس کا دورانیہ 4 ہفتے ہوگا جو قابل توسیع ہے‘۔

انہوں نے مزیدکہا کہ یہ اجازت صرف ایک بار کیلئے ہوگی اور انہیں ایڈیمنٹی (تاوان شرائط نامہ) جمع کرانا ہوگا۔

تازہ ترین