• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسٹیٹ بینک کا ایک بڑے بینک پر ساڑھے تین کروڑ روپے جرمانہ

کراچی (ارم زیدی) اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی ) نے ایک بڑے پروقار بینک پر ترسیلات ذر اور صارف کی حفاظت سے متعلق آپریشنز قوانین کی خلاف ورزی کرنے پر ساڑھے تین کروڑ روپے سے زائد مانیٹری جرمانہ عائد کردیا ۔واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کی بینکوں کے حوالے سے ایسی کارروائیاں معمول کی بات ہے ۔ مرکزی بینک کی ویب سائٹ پر موجود اعلامیہ کےمطابق مانیٹری جرمانہ بیرون ملک تجارتی آپریشنز اور صارف کی لازمی حفاظت کو پوری طرح یقینی نہ بنائے جانے پر عائد کیا گیا ہے ۔ بینک کو ہدایت کی گئی ہے کہ مستقبل میں اس طرح کی کوتاہیوں اور خلاف ورزیوں سے بچنے کیلئے مقررہ وقت تک اپنے سسٹم میں بہتری لائے ۔ بینک کے چیف کارپوریٹ کمیونیکیشن آفیسر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ وہ اس معاملے سے بخوبی واقف ہیں جو کہ 2015ء سے لیکر 2017ء کے درمیان ہونے والی ٹرانزیکشنز سے متعلق ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں ہماری چند برانچز میں ترسیلات ذر سے متعلق بے ضابطگیاں سامنے آئی تھیں ۔ بینک کے اسٹاف کے چند لوگوں نے ذاتی حیثیت میں غیر قانونی کام کیا تھا جس کا منفی اثر بینک پر پڑا۔ بینک نے اس معاملے سے متعلق قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کارروائی کے لئے شکایت بھی کی تھی ۔ ایف آئی آر درج کی جاچکی ہے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس حوالے سے تفتیش بھی جاری ہے ۔ بینک تمام قانونی ضابطے پوری کرنے کی کوشش کرتا ہے اور ہم اس طرح کے معاملات کو سنجیدگی سے لیتے ہیں ۔
تازہ ترین