مشیر وزیراعلیٰ سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ کراچی میں اگر 17 روپے کلو کا ٹماٹر مل رہا ہے تو میں سیاست چھوڑ دوں گا۔
کراچی کے علاقے بغدادی میں چیسٹ پین یونٹ کے افتتاح پر میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ پاکستان پہلا ملک اور سندھ پہلا صوبہ ہے جہاں چیسٹ پین یونٹ کام کررہے ہیں۔
کنٹینر میں بنائے گئے چیسٹ پین یونٹ سے متعلق مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اس کنٹینر کو لوگوں نے ماضی میں سیاست کے لیے استعمال کیا ہم نے اس کنٹینر کو عوامی خدمت کے لیے استعمال کرر ہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت لنگڑی ہے اس لیے لنگر خانہ بنا رہی ہے، عمران خان نے 50 لاکھ نوکریاں دینے کا وعدہ کیا تھا، عمران خان اپنے وعدہ کو وفا کریں۔
آصف علی ذرداری کی صحت سے متعلق سوال پر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ زرداری صاحب کو ان کے اپنے ڈاکٹروں سے علاج کروانے کی ضرورت ہے، عدالتیں ان کو انصاف فراہم کریں، ماضی میں ایسی نظیریں موجود ہیں جہاں بنا ثبوت کے لوگوں کو جیل میں نہیں رکھا جاسکتا تھا۔
مولانا کے پلان بی پر مرتضیٰ وہاب بولے کہ احتجاج کرنا ہر کسی کا حق ہے لیکن عوام پریشان ہوگی تو حکومت حرکت میں آئے گی۔