• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی شاہراہوں کو بند کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان

بلوچستان میں جمعیت علماء اسلام (ف) اور اپوزیشن جماعتوں نے آزادی مارچ کے پلان بی کے تحت قومی شاہراہیں لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کردیا، جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت قومی شاہراہوں کو بند کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

جے یو آئی (ف) بلوچستان کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے آزادی مارچ کے اگلے مرحلے یعنی پلان بی کا اعلان کر دیا۔ جس کے تحت 15نومبر سے 18 نومبر تک صوبے کی اہم قومی شاہراہیں مختلف مقامات پر رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کی جائیں گی۔

مولانا عبدالواسع نے پلان بی کے بعد بلوچستان اسمبلی میں احتجاج اور جام کمال کی مخلوط حکومت کو گرانے کے آپشن پر عمل کرنے کا عندیہ بھی دیا ہے۔

دوسری جانب وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہوں کی بندش سے عام لوگوں کو تکلیف ہوتی ہے اس لئے صوبائی حکومت کسی کو قومی شاہراہیں بند کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان تمام چیزوں کو میرٹ کے مطابق پورا کرے، ہم اپنے شہروں کو اس طرح مفلوج ہونے نہیں دیں گے کہ وہ ہر چیز کو بند کریں۔

تازہ ترین