وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ شیورٹی بانڈ نہ دینے کی منطق سمجھ سے بالا ہے، حکومت نے نواز شریف سے کونسے پیسے مانگ لیے ہیں؟
وزیراعظم کی زیر صدارت تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں نواز شریف کی بیماری اور ای سی ایل میں نام کے معاملے پر تفصیلی مشاورت ہوئی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دوران اجلاس نواز شریف کی صحت سے متعلق تشویش کا اظہار کیا اور ساتھ ہی کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ن لیگ ضمانت دے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف بیمار ہیں، ان کو بہتر علاج کےلیے بیرون ملک جانا چاہیے، انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ہم انہیں ہر موقع اور سہولت دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہماری نظر میں نواز شریف کی جان زیادہ عزیز ہے، سیاست تو ہوتی رہتی ہے، شیورٹی بانڈ نہ دینے کی منطق سمجھ سے بالا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے ان سے کونسے پیسے مانگ لیے ہیں؟ افسوس ہے کہ شریف خاندان، نواز شریف کا علاج کرانے کے بجائے اس پر سیاست کررہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی جگہ میں ہوتا تو کسی بھی قسم کی گارنٹی دے کر اپنے بھائی کا بہترین علاج کرواتا۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے کہا کہ حکومت نے نواز شریف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے لیے قانون میں لچک ڈھونڈی ہے۔
انہوں نے کہا کہ شریف خاندان اگر عدالت سے ریلیف لینا چاہتا ہے تو ہمیں کوئی اعتراض نہیں، ہم عدالت کے فیصلے کو من و عن تسلیم کریں گے۔
وزیراعظم نے حکومتی ترجمانوں کو ایک بار پھر نوازشریف کی صحت پر بیان بازی سے اجتناب برتنے کی ہدایت کی۔