لاہور (نیوزرپورٹر)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے لاہور میں ورکرز کنونشن ، تاجروں اور نوجوانوں کے اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ عمران خان حکومت جموں و کشمیر مسئلہ کو نمائشی اظہار تقاریر کے بعد سرد خانہ میں ڈالنے کی مسلسل کوشش کر رہی ہے ۔ کشمیر پر سفارت اور ترجمانی کا دعویٰ بھی یوٹرن بنتا جارہاہے ۔ جماعت اسلامی مسئلہ کشمیر کو نظر انداز یا سردخانے میں نہیں ڈالنے دے گی ۔ حکومت اور اپوزیشن جماعتیں کشمیر کو نظر انداز کر کے پاکستان کا مستقبل تاریک کرر ہی ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ آئین اور اسلام کے رہنما اصولوں کو ترک کر کے پاکستان کی سلامتی ، اقتصادی اور سماجی وجود کو خطرات لاحق کردیے گئے ہیں ،مزیدبرآں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان راشد نسیم نے کہاہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی اور انقلاب قرآن و شریعت کے نظام پر غیر متزلزل ایمان رکھنے والے ہی لاسکتے ہیں ۔ مدینہ کی طرز پر اسلامی ریاست بنانے کے دعوے کرنے والوں نے قوم کو مایوسیوں کے سوا کچھ نہیں دیا ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے منصورہ میں جاری مرکزی تربیت گاہ کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔