راولپنڈی ( اپنے نامہ نگار سے) سیکرٹری ہائوسنگ و فزیکل پلاننگ پنجاب نے راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی سمیت صوبے کی پانچوں اتھارٹیز کا اجلاس بدھ کو طلب کر لیا ہے جس میں رواں مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری سکیموں کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ آئندہ مالی سال کے سالانہ ترقیاتی پروگرام کیلئے بھجوائی جانے والی سکیموں کا بھی جائزہ لیا جائے گا، آر ڈی اے نے راولپنڈی شہر کی آئندہ مالی سال کے اے ڈی پی کیلئے 10نئی ترقیاتی سکیمیں بھجوا رکھی ہیں جو 4ارب 91کروڑ پچاس لاکھ روپے کی لاگت کی ہیں ، جبکہ پہلے سے جاری 3ارب 87کروڑ 86لاکھ روپے کی سات ترقیاتی سکیمیں بھی زیر غور آئیں گی ، ذرائع کے مطابق آر ڈی اے کی جو ترقیاتی سکیمیں بھجوائی گئی ہیں ان میں عمار چوک ری ماڈلنگ کا منصوبہ بھی شامل ہے ، ٹیپو روڈ کو ایئرپورٹ روڈ سے ملانےکے منصوبے کے علاوہ رحمٰن آباد کاکا انڈر پاس کا منصوبہ ، سرفراز روڈ کی بحالی ، چکری روڈ کو ڈبل کرنے کا منصوبہ ، لیاقت باغ اور مریڑ چوک کو سگنل فری کرنے کے منصوبے کی فزیبلٹی سٹڈی ، گولڑہ موڑ چوک ٹرن ، رینج روڈ کی کشادگی اور بحالی ، چک مدد خان وغیرہ کے روڈز سمیت ڈھوک رتہ میں نالہ لئی پر پیدل چلنے والوں کیلئے پل کی تعمیر کے منصوبے شامل ہیں جبکہ 7جاری منصوبے ان کے علاوہ ہیں ، آر ڈی اے کی نمائندگی ڈائریکٹر انجینئرنگ محمد اکرم سوبن کرینگے ، انہوں نے بتایا کہ سیکرٹری ہائوسنگ کی زیر صدارت اجلاس میں یہ سکیمیں فائنل ہونے کے بعد بجٹ کیلئے پی اینڈ ڈی کو بھجوا دی جائیں گی ۔