• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جے یو آئی (ف) کے تحت ملک کے کئی مقامات پر دھرنے

جے یو آئی (ف) کے تحت ملک کے کئی مقامات پر دھرنے


جمعیت علمائے اسلام (ف) کےتحت کراچی میں حب ریور روڈ سمیت ملک کے کئی مقامات پر دھرنے جاری ہیں۔

جے یو آئی (ف) کے کارکنوں نے کوئٹہ چمن شاہراہ پر دھرنا دے کر افغانستان کے لیے سپلائی معطل کر دی ہے، جبکہ بنوں میں لنک روڈ انڈس ہائی وے پر بھی دھرنے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔

کراچی میں حب ریور روڈ پر جمعیت علمائے اسلام (ف) کا دھرنا چوتھے روز بھی جاری ہے، جے یو آئی (ف) کے رہنما مولانا عمر صادق کہتے ہیں کہ حکومت کو ہمارے دھرنوں پر اعتراض ہے جبکہ خود 126 دن کا دھرنا دیا تھا۔

مولانا عمر صادق نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئین سے اسلامی شقیں ختم کی جا رہی ہیں، عمران خان اسلام، ملک اور آئین کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے اسلام آباد میں 126 دن کے اپنے دھرنے میں فحاشی پھیلائی، ان کے دھرنے میں ناچ گانے کی محفلیں سجائی گئیں۔

مولانا عمر صادق کا کہنا تھا کہ اس نااہل حکومت کو گھر بھیجنے کے لیے راستوں میں بیٹھے ہیں، اسلام دشمن حکومت کے خاتمے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔

واضح رہے کہ ملک کے دوسرے شہروں نوشکی، مالاکنڈ، نوشہرہ، خیرپور، کندھ کوٹ میں بھی دھرنے جاری ہیں۔

تازہ ترین