• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فروغ تعلیم میں نجی سیکٹر کا کلیدی کردار ہے‘ سلیم خان

پشاور (وقائع نگار) پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک (پین) نے افسر شاہی کی تعلیم دشمن پالیسیوں کیخلاف عنقریب طلبہ اور والدین کے ہمراہ احتجاجی تحریک شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حکومت ہوش کے ناخن لیکر مذاکرات کے ذریعے معاملات کا حل نکالے۔ صوبائی صدر محمد سلیم خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ فروغ تعلیم میں نجی سیکٹر کا کلیدی کردار ہے جس نے سٹیک ہولڈر کے ناطے ریاست کا آدھا بوجھ اپنے کندھوں پر اٹھایا ہوا ہے لیکن اس کے برعکس بعض ادارے اور افسرشاہی کے تعلیم دشمن اقدامات سے حکومت اور نجی سیکٹر کو آمنے سامنے لاکھڑا کیا ہے جس کے نتیجے میں نقصان قوم کے نونہالوں کا ہو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بیورو کریسی پس پردہ محکمہ تعلیم کے اندر دوبارہ ایسی پالیسیاں ترتیب دے رہی ہے جس کا کوئی فائدہ تعلیم کو پہنچنے والا نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہماری تنظیم کوئی سیاسی جماعت نہیں ہمیشہ مذاکرات کا راستہ اپنایا ہے لیکن اب ہمیں احتجاج پر مجبور کیا جا رہا ہے۔ حکومت ہوش کے ناخن لے اور ایسے افسر شاہی کو نکیل ڈالے جو تعلیم کی بربادی کا سبب بن رہے ہیں۔ اب آٹھویں جماعت کو بورڈ امتحان بنانا اور نویں دسویں کا مشترکہ امتحان وہ بھی صرف خیبرپختونخوا میں ایک سنگین مذاق اور اپنے ذاتی مفادات کیلئے بچوں کی تعلیم کو دائو پر لگانے کے مترادف ہے۔ اس سے طلبہ صوبائی تعصب کا شکار ہوں گے۔ بچوں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ عنقریب ایگزیکٹو کونسل کا اجلاس طلب کرکے بڑی احتجاجی تحریک کا اعلان کیا جائے گا۔ اس بار اصل حقائق طلبہ اور والدین کے سامنے رکھیں گے اور ان کی اس تحریک میں شمولیت یقینی بنائی جائے گی۔
تازہ ترین