• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کو والدین کی عزت وتکریم کرنا چاہئے،مقررین

کوونٹری (نمائندہ جنگ) والدین کی عزت و تکریم بچوں پر فرض ہے اپنے اباؤاجداد کی خدمت کر کے ہی ہم آخرت میں سرخرو ہو سکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے کوونٹری میں ممتاز سماجی شخصیت حاجی مبارک کیانی کی طرف سے والدین کے ایصال ثواب کے لیے منعقد کی گئی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ بچوں پر یہ فرض عائد ہوتا ہے کہ وہ اپنے والدین کی خدمت کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنا لیں تاکہ رب کائنات کی خوشنودی سے مستفید ہوا جاسکے۔ پیر حسیب شاہ دیوان حضوری نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی تعلیم و تربیت پر حتی الوسع کوشش کرتے ہیں تاکہ بچے معاشرے میں اعلیٰ مقام حاصل کر سکیں بچوں کو بھی اپنے والدین کی خدمت میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہو گا۔ امقررین نے حاجی مبارک کیانی کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ حاجی مبارک کیانی کا والدین کے ساتھ برتاؤ اور خدمات مثالی تھیں انھوں نے کہا کہ قرآن و احادیث ہمارے لیے بہترین مشعل راہ ہیں جن کے مطالعہ سے ہم اپنی زندگیوں کو اسلام کے عین مطابق ڈھال سکتے ہیں۔ پیر حسیب شاہ دیوان حضوری نے والدین کے عزت و احترام پر معروف سکالرز اور دانشوروں کی مثالیں بھی دیں۔ تقریب میں ممتاز نعت خواں چوہدری اللہ دتہ ، محمد امجد منہاس نقشبندی نے گلہائے عقیدت نچھاور کیے۔ اس موقع پر خطیب الحاج محمد یوسف نقشبندی نے والدین کے لیے اور ملک پاکستان کی ترقی کے لیے دعا کی۔ تقریب میں معروف شخصیت چوہدری محمد شریف اور برطانیہ بھر سے ممتاز شخصیات کے علاوہ مقامی کونسلر و کیبنٹ ممبر آف کونسل کامران خان نے بھی شرکت کی اور کہا کہ ہمیں دیار غیر میں رہتے ہوئے اپنے بچوں اور والدین کی عزت اور احترام بڑھانےکی ضرورت ہے کیونکہ ہم یہاں پاکستان کے سفیر کی حیثیت سے پہچانے جاتے ہیں ۔

تازہ ترین