• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بے موسم کی بارش سے فصل تباہ، بھارتی کسان کی خودکشی

بھارت میں قرض سے پریشان کسانوں کی خودکشی کے واقعات عام ہیں، تازہ واقعہ مغربی بھارتی کی ریاست مہاراشٹر میں پیش آیا جہاں، ایک 62 سالہ قبائلی کسان نے مبینہ طور پر اپنے گلے میں پھندا ڈالنے کے بعد ایک درخت سے لٹک کر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق یہ واقعہ ریاست کے ضلع اکولا میں پیش آیا، اس واقعے کا سب سے افسوسناک پہلو یہ ہے کہ خودکشی کرنے والے کسان کی لاش چھ دن تک درخت سے لٹکی رہی اور خراب ہونے لگی۔

تاہم منگل کو کسی نے اسکی اطلاع پولیس کو دی جس کے بعد لاش کو وہاں سے منتقل کیا گیا۔ خودکشی کرنے والے کسان تلسی رام شندے کے گھر والوں کا کہنا ہے کہ اسکی خودکشی کی وجہ حالیہ بے موسم کی بارش سے سویا بین کی فصل کی تباہی ہے جس سے مایوس ہوکر اس نے یہ انتہائی اقدام کیا۔

واضح رہے کہ بھارت میں کسان بوائی اور دیگر کاموں کے لیے قرض لیتے ہیں، اور اگر اس قرض کے ساتھ فصل خراب ہوجائے تو دوہرا نقصان ہوتا ہے، جس کے باعث کسانوں میں خودکشی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔

ا س کیس میں پولیس کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے کی تفتیش کررہے ہیں، اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کا انتظار ہے جبکہ اسوقت حادثاتی موت کی رپورٹ درج کی ہے۔

میڈیا سے بات چیت میں مقامی پولیس نے بتایا کہ کسان کی مسخ شدہ لاش اکولا شہر سے ستر کلومیٹر دور نوے گائوں کے جنگل سے ملی، ایک فوریسٹ گارڈ نے اسکی نشاندہی کی تھی۔

پولیس افسر کے مطابق شندے 13نومبر سےاپنے گھر سے غائب تھا، جو کہ اس جنگل کے قریب ہی واقع ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاش کے ملنے میں تاخیر کا سبب گھنا جنگل ہے۔

اسکے گھر والوں کے مطابق شندے نے چار ایکڑ زمین پر سویا بین کی کاشت کی تھی جوکہ خطے میں بے موسم کی بارشوں سے تباہ ہوگئی، فصل کی تباہی سے خاندان کو کافی مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔

تازہ ترین