پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت اختیارات کو نجی شعبے کی طرف منتقل کرنے کیلئے اقدامات کر رہی ہے اور اس مقصد کیلئے مختلف اداروں کے بورڈز میں نجی شعبہ کو نمائندگی دی گئی ہے تاکہ نجی شعبہ صوبے کی ترقی میں فعال کردار ادا کرسکے۔ وہ سول سیکرٹریٹ میں صوبائی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ اجلاس میں صوبائی وزراء، معاونین خصوصی، مشیر، چیف سیکرٹری اور انتظامی سیکرٹریوں نے شرکت کی۔ اجلاس میں آئندہ بجٹ کی تیاری، خود کفالت روزگار سکیم، پروفیشنل ٹیکس، پبلک سروس کمیشن، گلیات ڈویلپمنٹ ایکٹ اور ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈز کے امور پر بحث کی گئی اور اس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔ اس موقع پر لاہور میں خود کش دھماکے میں شہید ہونے والوں کے درجات کی بلندی اور زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اگلے سالانہ بجٹ کے بارے میں ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ کسی بھی صورت میں موجودہ بجٹ سے حجم کے لحاظ سے کم نہیں ہوگا۔ اسی طرح انہوں نے کہا کہ گیس رائلٹی کی مد میں ملنے والے فنڈز کا 50فیصد حصہ گیس پیدا کرنے والے اضلاع میں گیس کی فراہمی پر خرچ کیا جائے گا جبکہ باقی فنڈ کا 50فیصد حصہ دوسرے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ضلع کرک میں فلٹریشن پلانٹس کے ذریعے پینے کے صاف پانی پر توجہ دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے محکمہ خزانہ کو فوری طور پر مختلف محکموں کو مختص ترقیاتی فنڈز جاری کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ترقیاتی فنڈز کا استعمال دوسرے صوبوں کی نسبت بہت بہتر ہے۔ اس موقع پر ہائیڈل ڈویلپمنٹ فنڈز ایکٹ میں ترامیم، پروفیشنل ٹیکس میں اضافہ اور صوبائی پبلک سروس کمیشن کے استحکام کیلئے کیبنٹ کمیٹی کی رپورٹ کی منظوری دی گئی۔