• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہیلتھ کیئر کمیشن کی تین سالہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی گئی

پشاور(خصوصی نامہ نگار)خیبرپختونخوا ہیلتھ کیئرکمیشن 2017ء تا 2019ء تین سالہ کارکردگی کی رپورٹ جاری کردی جس کے مطابق غیر معیاری اور ہیلتھ کیئر کمیشن ایکٹ پر پورا نہ اترنے والے 4159طبی مراکز کو سیل جبکہ6060طبی مراکز کو رجسٹرڈ کر لیا گیا ہے جرمانوں کی مد میں 101ملین روپے وصول کر کے خزانے میں جمع کر ائے گئے۔ کمیشن کے چیف ایگزیکٹوآفیسر سکواڈرن لیڈر (ر) آذر سردار کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق ہیلتھ کیئر کمیشن نے 2017 تا 2019 میں طبی مراکز کی رجسٹریشن اور سیلنگ کا عمل شروع کیا اور اب تک4159طبی مراکز جن میں لیبارٹریاں، کلینکس، اور ہسپتال شامل ہیں کو سیل کر کے عطائیوں کے خلاف بھر پور آپریشن کیا۔ رپورٹ کے مطابق931طبی مراکز کو مستقل سیل کیا گیا جبکہ 54ایف آئی آر اور مراسلےرج کئے گئے،پاکستان سٹیزن پورٹل سے1808شکایات موصول ہوئیں جن میں1654کو حل کیا گیا 154شکایات پر کام جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر کے مطابق سٹاف کی کمی کے باوجود کمیشن نے بڑے پیمانے پر کارروائی کی ہے جس میں طبی مراکز کی میپنگ ، طبی مراکز کی مانیٹرنگ اینڈ ایوالوایشن کے ساتھ ساتھ طبی عملے کیلئے خصوصی تربیت کا انعقاد بھی شامل ہے، صوبے کے زیر انتظام قبائلی علاقے ملاکنڈ ڈویژن میں دفاتر قائم کرنے کے ساتھ ساتھ ضم شدہ اضلاع میں کام کے آغاز کیلئے اقدامات اٹھائے گئے ،تمام ایم ٹی آئی ہسپتالوں کا پرفارمنس آڈٹ بھی کیا گیا ۔ رپورٹ کے مطابق فیلڈ سٹاف کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لئے خصوصی اقدامات اٹھائے گئے جبکہ عوام میں مختلف امور سے متعلق شعور آجاگر کرنے کے لئے سیمینارز، واک اور ورکشاپس کا انعقاد کیا گیا ،مختلف اداروں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے گئے۔
تازہ ترین