• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انار اپنی غذائی اور طبی خصوصیات کے باعث قدرت کا ایک انمول تحفہ تسلیم کیا جاتاہے ، اس پھل کو ’جنت کا پھل‘ بھی قرار دیا گیاہے۔ یہی نہیں، انار کو تمام پھلو ں میں شہنشاہ پھل ہونے کا بھی اعزاز حاصل ہے۔ اس کی وجہ انار میں موجود ایسے نباتاتی مرکبات ہیں، جو دوسرے عام پھلوں میں نہیں پائے جاتے۔ 

اس قدیم ترین پھل کی غذائی خصوصیات سے متعلق کی گئی مختلف تحقیقات یہ ثابت کر تی ہیں کہ انار کا استعمال انسانی جسم کے لیے حیرت انگیز فوائد کا باعث ہوتا ہے ، جو اسے مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھتا ہے۔

نومبر، انار کا مہینہ

دنیا بھر میں ماہ نومبر انار کے مہینے کے طور پر منایا جاتا ہے۔ قدیم مصر میں انار مختلف قسم کے انفیکشن کے خاتمے کے لیے بطور علاج استعمال کیا جاتا رہا، تاہم ہر دور میں انار کی غذائی اہمیت کے بارے میں نئی معلومات حاصل ہوتی رہیں۔ آج سائنس تسلیم کرتی ہے کہ انار محض ایک پھل سے کہیں زیادہ ہے کیونکہ اس میں موجود وٹامن سی، ڈائٹری فائبر، فولیٹ اور دیگر غذائی اجزا کی مقدار عام پھلوں سے کہیں زیادہ ہے۔

غذائی اہمیت

انار کی بیرونی جِلد سخت اور کھانے کے قابل نہیں ہوتی جبکہ اس کے اندر سینکڑوں خوردنی بیج موجود ہوتے ہیں۔ ان بیجوں کو (aril)کہا جاتا ہے، جو نہ صرف رسیلے اورمیٹھے ہوتے ہیں بلکہ غذائیت سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ذائقے کے لحاظ سے انار کی تین اقسام (شیریں ،ترش اور منجوش یعنی کھٹا میٹھا) ہیں، جو دوا اور غذائی خصوصیات سے بھرپور ہیں۔ ایک کپ انار کے دانوں (174گرام) میں پائے جانے والے غذائی اجزا میںفائبر7گرام، پروٹین3گرام، وٹامن سی30فیصد، وٹامن کے 36فیصد، فولیٹ16فیصد اور پوٹاشیم12فیصد ہوتا ہے۔ 

انار وٹامنز اور توانائی کا خزانہ تسلیم کیا جاتا ہے کیونکہ یہ کیلشیم، پوٹاشیم، فاسفورس، آئرن، ہائیڈروکلورک ایسڈ، فائٹو کیمیکلز، اینٹی آکسیڈنٹس، پولی فینول، کم کیلوریز، وٹامن اے، بی ، سی اور بائیو ایکٹو کمپاؤنڈز سے مالامال ہے۔ اس میں مناسب مقدار میں شوگر بھی پائی جاتی ہے۔

انار میں مخصوص نباتاتی مرکبات اور ادویاتی خصوصیات پائی جاتی ہیں، جو اسے صحت کے لیے حیرت انگیز فوائد کا باعث بناتی ہیں۔

پیونی کیلاگن (Punicalagin): انار اور اس کے چھلکوں میںانتہائی طاقتور اینٹی آکسیڈنٹ پیونی کیلاگن پایا جاتا ہے۔ یہ غذائی جزو انار کو گرین ٹی سے تین گنا زیادہ طاقتور بناتا ہے۔

پیونیسک ایسڈ (Punicic Acid):انار کے بیجوں میں پایا جانے والا پیونیسک ایسڈ ایک اہم فیٹی ایسڈ تسلیم کیا جاتا ہے، جو جسم میں موجود حیاتیاتی اثرات میں اضافہ کرتا ہے۔

سوزش کے خلاف مزاحمت

دائمی سوزش بہت سی بیماریوں کی وجہ اور پیش خیمہ ثابت ہوتی ہے۔ ان بیماریوں میں قلبی امراض، کینسر، ذیابطیس ٹائپ ٹو ،موٹاپا اور الزائمر جیسی بیماریاں شامل ہیں۔ 

تاہم انار اینٹی انفلیمیٹری خصوصیات سے مالا مال ہوتا ہے ، پیونی کیلاگن کی بڑے پیمانے پر موجود گی جسم میں موجود سوزش کے خلاف مزاحمت کرتی ہے۔ ایک تحقیق کے دوران 12ہفتوں میں ذیابطیس کے مریضوں کو روزانہ کی بنیاد پر باقاعدگی سے 250ملی لیٹر انار کا جوس دیا گیا، مقررہ وقت کے بعد ذیابطیس کے مریضوں میں Interleukinکی سطح30 سے 32فیصد کم دیکھنے میں آئی۔

پروسٹیٹ کینسر

مَردوں میںپروسٹیٹ کینسر (یعنی مثانے کے غدود کا سرطان) ایک عام مرض ہے۔ کینسر کی یہ قسم سست رفتاری سے بڑھتی ہے، جس کے نتیجے میںمریض ابتدائی مراحل (یہ کیفیت برسوں تک جاری رہتی ہے) میں علامات محسوس نہیں کرپاتا۔ تاہم نمو پانے کے ساتھ یہ سرطان انسانی جسم کےافعال کی انجام دہی میں نمایاں طور پر رکاوٹ ڈالتا ہے۔ 

لیبارٹری اسٹڈیز سے پتہ چلتا ہے کہ انار کا جوس پروسٹیٹ کینسر بنانے والے خلیوں کی تولید کا عمل سست کردیتا ہے۔ یہاں تک کہ یہ اپوپوٹوسس(خلیے کے سکڑنے کی وجہ سے اس کا ختم ہوجانا)کاباعث بنتے ہوئے موت کا خطرہ بھی کم کردیتا ہے۔ ایک تحقیق کے مطابق روزانہ 8اونس انار کا جوس پی ایس اے لیول (PSA) کو مستحکم رکھتا ہے۔

بریسٹ کینسر کے خلاف مفید

خواتین میں بریسٹ کینسر ایک عام مرض ہے۔ ایک مطالعے کے نتائج میں بتایا گیا ہے کہ انار کے جوس کا استعمال بریسٹ کینسر کے خلیات کو ختم کرنے میں مدد دیتاہے جبکہ اس عمل کے دوران صحت مند خلیے بالکل ٹھیک حالت میں رہتے ہیں۔ دوسری جانب ماہرین کا کہنا ہے کہ انار بریسٹ کینسر کے خلیوں کو پیدا ہونے سے بھی روکتا ہے۔

بلڈ پریشر میں کمی

ہائی بلڈ پریشر(ہائپر ٹینشن) کو ہارٹ اٹیک اور اسٹروک کے بنیادی اسباب میں سے ایک قرار دیا جاتا ہے۔ ایک مطالعہ میں ہائی بلڈپریشر کے مریضوں کو روزانہ 5اونس (150)ملی لیٹر انار کا جوس پلایا گیا ، نتائج کے طور پر مریضوں کے بلڈ پریشر کی سطح میں نمایاں کمی واقع ہوئی۔ 

طبی ماہرین کے مطابق انار میں موجود فائٹو کیمیکلز کولیسٹرول اور بلڈ پریشر کم کرتے ہیں جبکہ روزانہ انار کا ایک اونس تازہ جوس پینے سے آپ کی کیروٹڈ آرٹری میں موجود رکاوٹیں دور ہوتی ہیں، یہ رکاوٹیں اسٹروک اور دل کی دیگر بیماریوں کا باعث بنتی ہیں۔

یادداشت میں بہتری

تحقیقاتی مطالعہ جات سے کچھ ایسے شواہد حاصل ہوئے ہیں جن کے ذریعے پتہ چلا ہے کہ انار کا جوس یادداشت بہتر بنانے میں بھی معاون و مددگار ہے۔ ایک مطالعہ میں ان افراد کو شامل کیا گیا جن کی حال ہی میں سرجر ی کی گئی تھی، ان مریضوں میں روزانہ کی بنیادوں پر انار کے جوس کے استعمال سے یادداشت کے خسارے کو کم کیا گیا۔ 

ایک اور مطالعہ میں ان افراد کو شامل کیا گیا جو دراصل یادداشت کی کمی کی کا شکار تھے۔ ان افرادکو باقاعدگی سے8اونس انار کا جوس پلایا گیا، نتائج کے طور پر مریضوں کی زبانی و بصری دونوں قسم کی یادداشت میں بہتری دیکھنے میں آئی۔

تازہ ترین