آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
منگل30؍ جمادی الثانی 1441ھ 25؍فروری 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

گھر تعمیر کروانے کیلئے چند باتیں لازمی جانیں

اپنے لیے نیا گھر تعمیر کروانا کسی خواب سے کم نہیں ہوتا، تاہم یہ عمل جس قدر خوشگوار ہوتا ہے، اتنا ہی تھکاوٹ کا باعث بھی بنتا ہے۔ اپنے خوابوں کا گھر تعمیر کروانے کے لیے آپ کو پہلے اس عمل کو سمجھنا پڑے گا، ساتھ ہی ان مشکلات اور مسائل کے لیے بھی تیار رہنا ہوگا، جن کا اس عمل کے دوران سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ اپنے خوابوں کے گھر کی تعمیر کے لیے آپ کو کن کن مراحل سے گزرنا ہوگا، آئیے اس بارے میں جانتے ہیں۔

گھر کا ڈیزائن تیار کروائیں

اپنے خوابوں کے گھر کا ڈیزائن تیار کروانے کا سب سے اچھا طریقہ یہ ہے کہ آپ ایک آرکیٹیکٹ یا تعمیراتی کمپنی کی خدمات حاصل کریں۔ آپ کا تعلق چاہے ملک کے کسی بھی شہر سے ہو، مقامی آرکیٹیکٹس وہاں کے تعمیراتی رہنما اصولوں اور قواعد سے باخبر ہوتے ہیں اور وہ ان ہی قوانین کے مطابق آپ کو گھر کا ڈیزائن تیار کرکے دیتے ہیں۔ گھر کا ڈیزائن بناتے وقت آرکیٹیکٹ مقامی ریگولیٹری قوانین کے علاوہ آپ کی ضروریات اور درج ذیل چیزوں کو بھی مدِنظر رکھے گا۔

٭ اس گھر میں آپ کیا چاہتے ہیں، جیسے بیڈ رومز کی تعداد، بیڈ رومز کا سائز، کچن، لیونگ روم اور اسپیشل فنکشن روم وغیرہ۔

٭ ہوا کی گزر گاہیں (وینٹی لیشن) جیسے دروازے اور کھڑکیاں

٭ جمالیاتی تزئین و آرائش

٭ فنگ شوئی (اگر آپ فنگ شوئی کے اصولوں کے مطابق گھر تعمیر کروانا چاہتے ہیں)

٭ نکاسی آب کا نظام

ریگولیٹری اتھارٹی سے پلان کی منظوری

جب آرکیٹیکٹ کی مدد سے آپ کے خوابوں کے گھر کا مکمل پلان تیار ہوجائے تو پھر اس کی منظوری کے لیے آپ کو اسے مقامی سطح پر قائم سرکاری ریگولیٹری ادارے (بلڈنگ کنٹرول یا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی) کے پاس جمع کرانا ہوگا۔ اس کے لیے آپ کو مقامی اداروں کو فیس کی ادائیگی کرنا ہوگی۔ تعمیراتی عمل میں ہاتھ ڈالنے سے پہلے اپنے پلان کی ہر طرح سے منظوری حاصل کرلیں اور اس کے مطابق ہی کام کریں۔

ڈرائنگز کی تیاری

اپنے خوابوں کے گھر کی تعمیر کے لیے ایک اسٹرکچرل انجینئر اور ایک MEP (میکینکل، الیکٹریکل اینڈ پلمبنگ) انجینئر کی خدمات حاصل کریں اور مطلوبہ ڈرائنگز تیار کروائیں۔ اکثر اوقات مکان کی تعمیر کیلئے لوگ اسٹرکچرل ڈرائنگز تیار نہیں کرواتے، جوکہ 2وجوہات کے باعث غلط فیصلہ ہے:

1- چونکہ بنیادی طور پر یہ ٹھیکیدار کا کام نہیں، اس لیے جب ٹھیکیدار سے یہ کام لیا جاتا ہے تو وہ زیادہ مٹیریل خرچ کردیتا ہے۔ پہلے سے تیار کردہ باقاعدہ ڈیزائن کی موجودگی میں ایک تو مٹیریل کا ضیاع ہونے سے بچے گا تو دوسری طرف زیادہ وقت بھی صرف نہیں ہوگا۔

2- متعلقہ انجینئرز آپ کی ضروریات کے مطابق ڈرائنگز تیار کریں گے جبکہ ٹھیکیدار گھر کے عمومی پلان کے مطابق کام کرے گا۔ ایسے میں اگر مستقبل میں آپ توسیعی کام کروانے کا ارادہ رکھتے ہیں تو ایک انجینئر آپ کی ضروریات کے عین مطابق ڈرائنگز تیارکر دے گا۔

تعمیرات کیلئے بولیاں حاصل کریں

ایک بار جب آپ پلان، ڈرائنگز اور ضروری منظوری حاصل کرلیں تو اس کے بعد آپ کو ایسے ٹھیکیدار سے رابطہ کرنا ہوگا جو ڈرائنگ کے مطابق آپ کو گھر تعمیر کرکے دے سکے۔ اس سلسلے میں آپ جو بولیاں حاصل کریں گے، اس میں آپ کو انتہائی محتاط رہنے کی ضرورت ہے۔ ہرچندکہ بنیادی سول انجینئرنگ ایک ہے لیکن مارکیٹ میں ایسی کئی تیکنیکس، مٹیریل اور برانڈز موجود ہیں، جن کی وجہ سے تعمیراتی لاگت میں بڑا فرق آجاتا ہے۔

دُرست تعمیراتی مٹیریل کا انتخاب

مارکیٹ میں درجنوں تعمیراتی مٹیریل اور برانڈز دستیاب ہیں، جن میں سے یہ انتخاب کرنا ایک مشکل مرحلہ ہوتا ہے کہ آپ کے لیے کون سا مٹیریل بہتر رہے گا۔ ہرمٹیریل اور برانڈ کی قیمت میں بھی فرق ہوتا ہے۔ اپنے گھر کے لیے دُرست مٹیریل کا انتخاب کرنے میں آپ ماہرین کی رائے لے سکتے ہیں۔ آپ انھیں اپنی ضروریات اور بجٹ بتائیں، اس کی روشنی میں وہ آپ کی بہتر رہنمائی کرسکیں گے۔

سرمایہ کا بندوبست کریں

اس مرحلے پر پہنچنے تک آپ تعمیرات کے لیے تمام ضروری کام کرچکے ہیں، ساتھ ہی آپ کو اخراجات کا بھی تقریباً دُرست اندازہ ہوچکا ہے، اب آپ کو ضروری سرمایہ کا انتظام کرنا ہوگا۔ یہ سرمایہ آپ کی بچتوں، بینک یا پھر دوستوں سے قرضے کی صورت میں ہوگا۔ فنڈز کی دستیابی کو یقینی بنائیں کیونکہ اگر کام شروع ہونے کے بعد کسی مرحلے پر آپ کے پاس پیسے کم پڑگئے تو اس سے تعمیراتی لاگت بڑھ جانے کا خدشہ ہوتا ہے۔

ٹھیکیدار کے ساتھ معاہدہ

ٹھیکیدار کے ساتھ تحریری معاہدہ کرلیں تو زیادہ بہتر رہے گا۔ اس معاہدے میں چھوٹی سے لے کر بڑی، ہر قسم کی تفصیلات درج ہونے چاہیے تاکہ مستقبل میں کوئی تنازعہ پیدا نہ ہو۔ معاہدہ یا تو لیبر+مٹیریل کی بنیاد پر ہوتا ہے یا پھر آپ صرف لیبر ریٹ کی بنیاد پر بھی ٹھیکیدار سے معاہدہ کرسکتے ہیں۔ ایسی صورت میں ٹھیکیدار کو تمام تعمیراتی مٹیریل کی فراہمی آپ کی ذمہ داری ہوگی۔

پانی اور بجلی کی فراہمی

یہ دو ایسی بنیادی ضروریات ہیں، جن کے بغیر ٹھیکیدار سائٹ پر کام شروع نہیں کرسکتا۔ عمومی طو رپر بجلی اور پانی فراہم کرنا گھر تعمیر کروانے والے کی ذمہ داری ہوتی ہے۔

سامان کیلئے عارضی اسٹوریج

تعمیراتی سامان جیسے سیمنٹ کو زیادہ عرصے تک کھُلی فضا میں نہیں رکھا جاسکتا، اس لیے سامان کو خراب ہونے سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک عارضی اسٹوریج کا بندوبست کرنا بھی ضروری ہوتا ہے۔

معیار پر نظر رکھیں

تعمیرات کے ہر مرحلے پر نظر رکھیں، اس سلسلے میںآپ کو مختلف ’کوالٹی چیکس‘ کا علم ہونا چاہیے تاکہ آپ کو اندازہ ہوکہ آپ کا گھر مطلوبہ معیار کے مطابق تیار ہورہا ہے۔

تعمیرات سے مزید