پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسرسبحان احمد عہدے سے مستعفی ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق سبحان احمد 9 سال بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر کے عہدے سے دستبردار ہوگئے ہیں۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز کو سبحان احمد کی عہدے سے دستبرداری سے متعلق جمعہ کے روز نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہونے والے اجلاس میں آگاہ کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ چیف ایگزیکٹو وسیم خان اور سی او او سبحان احمد کے درمیان اختلافات ہوگئے تھے، سبحان احمد کے مستعفی نہ ہونے کی صورت میں انہیں عہدے سے ہٹائے جانے کا امکان تھا۔
سبحان احمد کے پاس لیگل انفرا اسٹرکچر سیکیورٹی اور ایڈمن کے شعبے تھے۔
پی سی بی میں سیاہ و سفید کے مالک رہنے والے سبحان احمد 9 برس چیف آپریٹنگ آفیسر کے عہدے پر براجمان رہے جبکہ پی سی بی سے ان کا تعلق 25 برس کے طویل عرصے پر محیط رہا۔
پی سی بی میں اینالسٹ کی حیثیت کام کا آغاز کرنے والے سبحان احمد جنرل منیجر انٹرنیشنل کرکٹ سمیت کئی عہدوں پر خدمات انجام دیتے رہے۔
سبحان احمد کے چیئرمین پی سی بی احسان مانی سے اچھے مراسم سمجھے جاتے تھے لیکن چیف ایگزیکٹو وسیم خان کے ساتھ ان کے اختلافات اس قدر بڑھ گئے کہ سبحان احمد کو گھر جانا پڑا۔
سبحان احمد کا کہنا ہے کہ 25 سال سے زائد عرصہ پی سی بی سے وابستہ رہنے کے بعد ان کے لیے آگے بڑھنے کے لیے یہ وقت بہترین ہے۔
سبحان احمد نے کہا کہ بین الاقوامی فورمز پر پاکستان کرکٹ بورڈ کی نمائندگی کرنا ایک اعزاز کی بات تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو نیم پیشہ ور سے ایک مکمل پیشہ ور ادارہ بنانے کا سفر بھی بہترین رہا۔