سابق وفاقی وزیر اور ن لیگ کے سینئر رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ الزام تراشیوں سے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوا کرتی، بیڑہ غرق اور ستیاناس کے بیانیے نے معیشت کا بیڑہ غرق اور ستیاناس کردیا ہے۔
مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے احسن اقبال نے کہاکہ ان کے اعداد و شمار بھی اتنے ہی معتبر ہیں جتنے ان کی ٹماٹر کی قیمت بارے معلومات ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مشیر خزانہ ڈھٹائی سے جھوٹ بول رہے ہیں کہ اقتدار ملنے پر معیشت کی حالت خراب تھی، پوری دنیا، ورلڈ بنک اور عالمی ریٹنگ ایجنسیز نے تسلیم کیا تھا کہ پاکستان چھ فیصد ترقی کی شرح حاصل کرلے گا۔
احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ الزام تراشیوں سے ملکی معیشت ٹھیک نہیں ہوا کرتی، نوازشریف کی قیادت میں ن لیگ کی حکومت نے 5 اعشاریہ8 فیصد شرح سے ترقی کرتا اور 3 فیصد مہنگائی کی شرح والا پاکستان نالائقوں کے حوالے کیا تھا۔
ان کا کہنا تھاکہ نالائق ٹولے نے نااہلی کی وجہ سے مہنگائی کی شرح کو 14 فیصد پر پہنچادیا، ایک سال میں ملکی معیشت کا جنازہ نکال دیا، ترقی کی شرح آج 2 اعشاریہ5 فیصد پر ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ آپ کی نالائقی کی ایک اور کہانی ہے، کاروبار اور معیشت ٹھپ کر کے تو یہ سرپلس ہی ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دور میں ریکارڈ ٹیکس وصولیاں ہوئیں، اب 162 ارب کے شارٹ فال کا سامنا ہے، آپ کی معاشی کارکردگی روزگار، کاروبار، دکان، فیکٹری زراعت اور صنعت کا بند ہونا ہے۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ آج لارج اسکیل مینوفیکچرنگ، اسمال انڈسٹریز، زراعت تمام بنیادی شعبے منفی جارہے ہیں، پہلی بار ہے کہ اسٹیٹ بنک دیوالیہ ہورہا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ آپ کی نالائقی کا ثبوت یہ ہے کہ آج دفاعی بجٹ کے لئے مطلوبہ پیسہ نہ ہونے کے خطرات ہیں۔