اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ 22 دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں افراد اسلام آباد پہنچیں گے،حکومت کی بیماریاں دن بد ن بڑھتی جارہی ہیں ،حکومت تشویشناک حالت کی بنا پر وینٹی لیٹر پر جاسکتی ہے ،وزراءاور حکومتی ڈاکٹرز قوم کے ساتھ مسلسل مذاق کر رہے ہیں ۔ وزیر تجارت نے وزیراعظم کے دعوؤں کی قلعی کھول دی ہے اور کہاہے کہ ابھی عوام کو دو سال تک مہنگائی کا عذاب جھیلنا پڑے گا اور حکومت کے پاس بے روزگاروں کو نوکریاں دینے کے لیے پیسے نہیں،حکمران احتساب کے لیے تیار رہیں ۔ حکمران کشمیری ماؤں، بہنوں ،بیٹیوں کی پکار پر بے حسی کی چادر اوڑھ کر سو رہے ہیں ۔ انہیں خواب غفلت سے جگانے کے لیے 22 دسمبر کو ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں لوگ اسلام آباد پہنچیں گے اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے کشمیر مارچ کیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے منصورہ میں ہونے والے مرکزی و صوبائی ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ،اجلاس میں اسلام آباد کشمیر مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا اور انتظامی کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔