• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

سنگین غداری کیس میں فیصلہ رکوانے کی درخواستیں، مشرف اشتہاری، اسلام آباد ہائیکورٹ

سنگین غداری کیس میں فیصلہ رکوانے کی درخواستیں، مشرف اشتہاری، اسلام آباد ہائیکورٹ


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) اسلام آباد ہائیکورٹ کے تین رکنی لارجر بنچ نے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کیخلاف آئین شکنی پر آرٹیکل چھ کے تحت سنگین غداری کیس کا فیصلہ رکوانے کے لیے وزارت داخلہ کی درخواست پر وزارت قانون و انصاف سے آئین شکنی کی شکایت داخل کرانے والے مجاز افسر اور ٹرائل چلانے کے لیے خصوصی عدالت کی تشکیل کا ریکارڈ آج طلب کر لیا۔ 

عدالت نے پرویزمشرف کے وکیل کودلائل سے روک دیا، خصوصی عدالت میں سنگین غداری کیس کا فیصلہ رکوانے کے لیے وزارت داخلہ اور پرویز مشرف کے وکیل کی درخواستوں کی سماعت گزشتہ روز عدالت عالیہ اسلام آباد کے چیف جسٹس اطہر من اللّہ کی سربراہی میں جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل تین رکنی لارجر بنچ نے کی۔ 

وزارت داخلہ کی جانب سے خصوصی عدالت کا فیصلہ رکوانے کے لیے درخواست دائر کرنے والے ایڈیشنل اٹارنی جنرل طارق کھوکھر کے بجائے ساجد الیاس بھٹی عدالت میں پیش ہوئے۔ 

عدالت نے کہا کہ پہلے وزارت داخلہ کو سن لیتے ہیں۔ چیف جسٹس اطہر من اللّہ نے ساجد الیاس بھٹی سے استفسار کیا کہ کیا آپ نےپٹیشن دیکھی ہے؟ اس میں صرف پیرا 16 اہم اورقابل غور ہے۔ 

آرٹیکل چھ کے تحت ٹرائل کرنے والے ٹریبونل میں اس وقت کون کون شامل ہے؟ کیا وفاقی حکومت کی جانب سے گزٹ نوٹیفکیشن جاری ہوا؟ ساجد الیاس بھٹی نے کہا کہ خصوصی عدالت جسٹس وفار احمد سیٹھ، جسٹس نذیر احمد اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل ہے۔ 

جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کہ کیا کابینہ نے اس کی منظوری دی؟ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت کیا ہے، کیا آپ کو سپریم کورٹ کے حکم نامے کا علم ہے جس پر ساجد الیاس بھٹی نے کہا کہ انہیں آدھا گھنٹہ پہلے ہی کیس کی فائل اور عدالت میں پیش ہونے کی ہدایات ملیں۔ 

چیف جسٹس نے کہا کہ آپ کو کیس کے حوالے سے اگر معلوم نہیں تو سماعت کیسے کریں گے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ آپ کو تمام حقائق کا علم ہونا چاہئے۔ پرویز مشرف کے وکیل سلمان صفدر نے عدالت کے سامنے بولنے کی کوشش کی تو عدالت نے انہیں روک دیا۔ 

چیف جسٹس اطہر من اللّہ نے ریمارکس دئیے کہ آپ متاثرہ فریق نہیں اس لئے آپ کو نہیں سن سکتے، فیئر ٹرائل کا حق ہر ملزم کو حاصل ہے لیکن پرویز مشرف مفرور اشتہاری ہیں، پہلے قانونی نکتہ دور کر لیا جائے پھر آپ کو بھی سن لیا جائے گا۔ 

بعد ازاں عدالت نے سیکرٹری وزارت قانون و انصاف کو متعلقہ ریکارڈ پیش کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ عدالت نے سنگین غداری کیس کی شکایت داخل کرانے والے مجاز افسر اورخصوصی عدالت کی تشکیل کا ریکارڈ طلب کرتے ہوئے سماعت آج 27 نومبر تک ملتوی کر دی۔

تازہ ترین