کراچی (اسٹاف رپورٹر) 36 ویں نیشنل جو نیئر ہاکی چیمپئن شپ جمعرات سے لاہور میں شروع ہوگی ، ایونٹ چار رائونڈز پر مشتمل ہوگا۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سکریٹری جنرل آصف باجوہ نے بدھ کو لاہور میں میڈیا کو بتایا کہ ایونٹ سے جونیئر ایشیاء کپ کی تیاریوں میں مدد ملے گی۔ بدھ کوکھلاڑیوں کی اسکروٹنی کی گئی۔ چیف سلیکٹر منظور جونیئر اور ٹورنامنٹ ڈائریکٹر انجم سعید و آفیشلز نے ہر کھلاڑی کے بائیو ڈیٹا کا تفصیلی معائنہ کیا۔ چیمپئن شپ میں21 برس کے کھلاڑیوں کو کھیلنے کی اجازت ہے، اسکروٹنی کو مکمل شفاف رکھنے کے لیے عمر اور اور شناختی دستاویزات کی تصدیق کے لیے نادرا سے بھی مدد لی گئی۔ ایونٹ میں بارہ ریجنزکے ساتھ پی ایچ ایف سےالحاق رکھنے والے سات محکموں کی ٹیمیں شریک ہیں۔