اسلام آ باد (نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملکی تاریخ کے 72 سال میں آئین اور اداروں کے ساتھ ایسے مذاق اور کھلواڑ کی مثال نہیں ملتی جو موجودہ حکومت کر رہی ہے، حکومت کی نالائقی روز اول سے واضح تھی مگر آج دن بھر ہونے والے واقعات نے ثابت کردیا ہے کہ یہ مہا نالائق ہیں،حکمرانوں نے اپنے ساتھ اداروں کا تاثر بھی بری طرح مجروح کیاہے ، ملک و قوم کی باگ ڈور ایسے غیر سنجیدہ لوگوں کے ہاتھوں میں ہونا افسوسناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں کراچی ، لاہور اور اسلام آباد ، پشاور ، راولپنڈی اور ملتان کے امرائے ضلع کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نے اپنے مفاد میں قومی اداروں کا وقار مجروح کردیاہے ،پرویز مشرف کو بچانے کی کوشش میں حکومت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیاہے ،حکومت کی بیساکھیاں ٹوٹنے والی ہیں ،حکومت کی تمام پالیسیاں فیل ہوگئی ہیں اور جائز کاموں کے لیے بھی رشوت دینا پڑتی ہے،مشرف قومی مجرم ہے جس نے ملک کو امریکہ کی کالونی بنایا اور دستور پاکستان کی تضحیک کی مگر آج حکومت اس ڈکٹیٹر کے کندھے کے ساتھ کندھا لگا کرکھڑی ہے اور عدالتوں کو طاقتور کونہ پکڑنے کا طعنہ دینے والے خود ایک بھگوڑے جرنیل کے ساتھ کھڑے ہو گئے ہیں ، اداروں کے درمیان ٹکراؤ کسی صورت بھی ملک و قوم کے مفاد میں نہیں ۔