• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز کی حاضری استثنیٰ درخواست، حمزہ کے ریمانڈ میں توسیع

قومی اسمبلی میں قائدحزبِ اختلاف محمد شہباز شریف کی جانب سے نیب کیسز میں حاضری سے مستقل استثنیٰ کی درخواست جمع کرا دی گئی، جبکہ حمزہ شہباز کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 دن کی توسیع کرتے ہوئے سماعت 12 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

لاہور کی احتساب عدالت میں مسلم لیگ نون کے صدر محمد شہباز شریف اور قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کے خلاف مختلف کیسز کی سماعت ہوئی جس میں جیل حکام نےجوڈیشل ریمانڈ ختم ہونےحمزہ شہباز کو عدالت میں پیش کیا۔

عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں حمزہ شہباز کو ریفرنس کی کاپیاں فراہم کر دیں اور نیب پراسیکیوٹر کو ہدایت کی کہ منی لانڈرنگ کیس کا ریفرنس بھی جلد دائر کیا جائے۔

اس موقع پر شہباز شریف کے وکلاء نے آشیانہ اقبال اور رمضان شوگر ملز کیسز میں ان کی مستقل حاضری معافی کی درخواست جمع کرائی، درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ شہباز شریف اپنے اور بھائی کے علاج کے سلسلے میں بیرون ملک ہیں، ان کی درخواست پاکستانی سفارتخانے سے تصدیق شدہ ہے۔

احتساب عدالت نے شہباز شریف کے معاملے پر نیب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔

واضح رہے کہ حمزہ شہباز کی پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس کے اطراف میں راستے کنٹینرز اور خاردار تاریں لگا کر بند کیے گئے تھے۔

تازہ ترین