لاہور(صباح نیوز)نامزد چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس گلزاراحمد کا کہنا ہے کہ پاکستان جیسے ملک میں خواتین ججز کی موجودگی خوش آئند ہے، عدلیہ میں مزید خواتین ججز کی شمولیت یقینی بنا رہے ہیں، خواتین کا آگے بڑھنا ملک کی سماجی اور معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے، عدلیہ سمیت زندگی کے مختلف شعبوں میں خواتین کو بھرپور نمائندگی ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہورمیں تیسری ویمن ججز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
جسٹس گلزار احمد خان نے مزید کہا کہ خواتین کو معاشرے میں آگے لانے کے لیے عملی اقدامات کی بھی ضرورت ہے، خواتین ججز کے لیے مثر سہولیات کی فراہمی ہم پر لازم ہے، خواتین ججز کی حوصلہ افزائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کو پیچھے دھکیل کر ترقی نہیں کرسکتا، آج کی خواتین ججز کانفرنس پوری عدلیہ کے دل کی آواز ہے۔
تیسری ویمن ججز کانفرنس کے افتتاحی سیشن میں نامزد چیف جسٹس سپریم کورٹ جسٹس گلزار احمد علاوہ چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ سردار محمد شمیم خان اور صوبے بھر سے خواتین ججز نے شرکت کی۔