• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم پرائیویٹ کمپنی کیخلاف نیب کی تحقیقات شروع

کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی احتساب بیورو(نیب )نے کراچی میں فضائیہ کے نام سے ایک ہاؤسنگ اسکیم پرائیویٹ کمپنی کیخلاف تحقیقات شروع کردی ہیں،نیب اس بات کی تحقیقات کر رہا ہے کہ ہاؤسنگ اسکیم پرائیویٹ کمپنی کو فضائیہ کا نام استعمال کرنے کی اجازت کس نے دی، اس ضمن میں ہاؤسنگ اسکیم کے بعض ذمہ داروں سے ابتدائی تحقیقات کی گئی ہیں اور بعض دستاویزات بھی حاصل کرلی ہیں۔

نیب کے مطابق فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم پرائیویٹ کمپنی کے متاثرین کی تعداد 6 ہزار سے زائد اور عوام کی جانب سے اسکیم میں 13ارب روپے سے زیادہ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے‘ چیئرمین نیب نے جلد از جلد انکوائری مکمل کرنیکی ہدایت کی ہے۔ 

نیب کراچی کے ترجمان کے مطابق نیب نےفضائیہ پراجیکٹ متاثرین کی درخواست کے بعد دوبارہ تحقیقات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق نیب کراچی جلد از جلد یہ انکوائری مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور اس میں ملوث تمام افراد کو احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ 

واضح رہے کہ چند ہفتے قبل کراچی میں فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم پرائیویٹ کے مرکزی دفتر کے باہر درجنوں افراد نے احتجاج بھی کیا تھا اور اپنی رقوم کی واپسی کا مطالبہ کیا تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ چار سال سے ان کے ساتھ دھوکہ کیا جارہا ہے اور انہیں پلاٹ دیے جارہے ہیں اور نہ رقم واپس کی جارہی ہے۔ 

احتجاج کے باوجود فضائیہ ہاؤسنگ اسکیم پرائیویٹ کی انتظامیہ نے رقم کی واپسی کا ٹائم فریم دینے سے انکار کیا تھا۔

تازہ ترین